لیجنڈری بولی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ کو ان کی جانب سے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہی گئی بات پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور لوگ انہیں سندھ آنے کی دعوت دے رہے ہیں تاکہ وہ یہاں آکر سندھی زبان بولنے والے افراد دیکھ سکیں۔

نصیر الدین شاہ نے ایک دن قبل دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔

نصیر الدین شاہ نے مذکورہ انٹرویو میں برصغیر کی ثقافت اور زبانوں پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں اردو کی طرح پنجابی زبان بھی زیادہ بولی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں پشتو، بلوچی، دری اور سرائیکی زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔

نصیر الدین شاہ نے مذکورہ بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یقینا اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی‘۔

اسی انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں متعدد یونیورسٹیز اردو زبان کو غیر ملکی زبان کے طور پر پڑھاتے ہیں جب کہ مذکورہ زبان بھارت اور پاکستان کے علاوہ کہیں بھی دوسرے ملک میں نہیں بولی جاتی۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین کو نصیر الدین شاہ کی یہ بات بری لگی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’یقینا اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی‘۔

متعدد بھارتی اور پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے نصیر الدین شاہ کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے انہیں یاد دہانی کرائی کہ پاکستان میں کم از کم تین کروڑ افراد سندھی زبان بولتے ہیں جب کہ یہ صوبہ سندھ کی دفتری زبان بھی ہے۔

بھارتی صحافی سواتی گویل شرما نے نصیر الدین شاہ کے دعوے پر طنزیہ انداز میں انہیں بولی وڈ کا سب سے بڑا ذہین شخص قرار دیا۔

ایک اور صارف نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یقینا اب نصیر الدین شاہ کے پاس فعال دماغ موجود نہیں رہا، بعض صارفین نے ان کی عمر اور دماغی فعالیت کو جواز بنا کر انہیں گھر تک محدود رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں نصیر الدین شاہ کے دعوے پر جواب دیا کہ واقعی سندھی ناپید ہوچکے ہیں، وہ موہن جو دڑو کے قبرستان سے ٹوئٹ کر رہے ہیں، دریائے سندھ ہزار سال قبل خشک ہوچکا تھا اور اب پاکستان میں صرف چینی اور اردلش زبان بولی جاتی ہے۔ .

صحافی وینگس نے بولی وڈ اداکار کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے لکھا کہ کوئی نصیر الدین شاہ کو جاکر بتائے کہ سندھی زبان سندھ میں بولی جاتی ہے، سندھیوں کے پاس اپنی زبان کا میڈیا اور ادب ہے اور ان کے پاس اپنی دھرتی سندھ بھی ہے۔

بعض لوگوں نے نصیر الدین شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے انہیں بتایا کہ سندھی زبان صوبہ سندھ کی دفتری زبان ہے۔

کچھ افراد نے نصیر الدین شاہ کو سندھ آکر سندھی زبان بولنے والے افراد کو دیکھنے کی دعوت بھی دی اور ساتھ ہی انہیں مخاطب ہوتے ہوئے بتایا کہ وہ سندھی زبان بولنے والوں سے متعلق غلط بات کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں