راولپنڈی میں 12 سالہ یتیم بچی کا ’گینگ ریپ‘

اپ ڈیٹ 26 جون 2023
پولیس افسر نے کہا کہ مشتبہ شخص اور شکایت کنندہ رشتہ دار ہیں— فائل فوٹو: ڈان
پولیس افسر نے کہا کہ مشتبہ شخص اور شکایت کنندہ رشتہ دار ہیں— فائل فوٹو: ڈان

پولیس نے بتایا ہے کہ راولپنڈی کی گلستان کالونی میں 12 سالہ یتیم بچی کو مبینہ طور پر گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔

ائیرپورٹ پولیس اسٹیشن میں لڑکی کے دادا کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق 12 سالہ لڑکی 23 جون بروز جمعہ کی شام گھر سے سودا سلف لینے نکلی تو لاپتا ہو گئی۔

شکایت گزار نے کہا کہ پوتی شام کو میرے جم میں واپس آئی جو نیم بے ہوشی کی حالت میں تھی۔

شکایت میں کہا گیا کہ ہوش میں آنے کے بعد لڑکی نے اپنے دادا کو بتایا کہ سلمان اسے دو دیگر نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ کسی جگہ لے گیا اور ریپ کا نشانہ بنایا۔

شکایت میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے بچی کے بال بھی کاٹ دیے، پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

مقامی اسٹیشن ہاؤس افسر چوہدری خداداد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے دادا کی درخواست موصول ہو گئی ہے، لڑکی کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے، ایئرپورٹ پولیس لڑکی کا میڈیکل کروانے کے لیے ہسپتال روانہ ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ بھی بڑھا دیا گیا ہے، طبی معائنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ لڑکی ایک بیوٹی سیلون میں کام کرتی تھی جب کہ 18 سالہ ملزم سلمان علاقے میں پرندوں کی دکان پر ملازم تھا۔

ایس ایچ او نے مزید کہا کہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشتبہ شخص اور شکایت کنندہ رشتہ دار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں