کراچی: جاپانی فرم کی سی ویو دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کی تجویز

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2023
وزیراعلیٰ سندھ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سی ویو پر جیٹی ڈیولپمنٹ کا منصوبہ زیر غور ہے—فائل فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعلیٰ سندھ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سی ویو پر جیٹی ڈیولپمنٹ کا منصوبہ زیر غور ہے—فائل فوٹو:ڈان نیوز

جاپانی کمپنی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کلفٹن میں دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے کے ساتھ صوبے کے مختلف بیراجوں اور جھیلوں پر واٹر اسپورٹس کی دیگر سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کی تجویز پیش کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کے مطابق یہ تجویز یاماہا جاپان کے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سربراہ نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران پیش کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے جاپانی کمپنی کے عہدیدار کو بتایا کہ یاماہا پاکستان کے تعاون سے کینجھر، گڈو، سکھر اور کوٹری بیراجوں پر واٹر اسپورٹس کی سہولیات فراہم کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ سہولیات نجی شعبے کے تعاون سے فراہم کی جا سکتی ہیں۔

یاماہا کے نمائندے نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ دو دریا سے پورٹ قاسم تک آمد و رفت اور تفریح کے لیے فیری سروس شروع کی جا سکتی ہے۔

مراد علی شاہ نے کینجھر جھیل، گڈو بیراج، سکھر بیراج اور کوٹری بیراج پر واٹر اسپورٹس کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق مواقع پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ یاماہا ویو رنرز جسے تکنیکی طور پر پرسنل واٹر کرافٹ (پی ڈبلیو سی) یا واٹر اسکوٹر کہا جاتا ہے، وہ بہترین کھیل ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اس سے قبل کہا تھا کہ سی ویو پر جیٹی ڈیولپمنٹ کا منصوبہ ہے جس کے تحت کلفٹن کے علاقے سے نئے تیار شدہ منوڑہ واٹر فرنٹ بیچ تک فیری سروس شروع کی جائے گی۔

تاہم ذرائع نے بتایا کہ جیٹی ڈیولپمنٹ منصوبے پر کام تاحال شروع نہیں کیا گیا۔

اسپیشل اولمپکس کے لیے کھیلوں کی سہولیات

اسی دوران اسپیشل اولمپیئنز کے 36 رکنی وفد سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت اسپیشل اولمپکس کے لیے کھیلوں کے خصوصی مراکز قائم کرے گی اور صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، اس وفد کو ان کے کوچز کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں مدعو کیا گیا تھا۔

انہوں نے آئی ٹی کے شعبے میں مہارت رکھنے والے سائیکلسٹ اسپیشل اولمپیئن محفوظ عابد کی بطور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اہلکار وزیراعلیٰ ہاؤس میں خدمات حاصل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ملاقات کے دوران سماجی بہبود کے وزیر ساجد جوکھیو، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت اور صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ٹیم اسپیشل اولمپکس پاکستان (ایس او پی) نے جون 2023 میں برلن میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کے ساتھ عالمی مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔

اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں 11 کھیل شامل ہیں جن میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، بوچی، سائیکلنگ، فٹ بال، پاور لفٹنگ، تیراکی، ٹیبل ٹینس، ٹینس اور ہاکی شامل ہیں، اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کی ٹیم نے 10 گولڈ میڈل، 29 سلور میڈل اور 40 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

خصوصی کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اسپیشل اولمپکس کے لیے مختلف سہولیات کے ساتھ عالمی معیار کے کھیلوں کے مراکز بنائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں