دبئی: مادام تساؤ میوزیم میں بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2023
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو — فائل فوٹو
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو — فائل فوٹو

اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں نقاب کشائی کردی گئی۔

اماراتی نشریاتی ادارے گلف نیوز کے مطابق دبئی کے مادام تساؤ میوزیم میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا مجسمہ کسی پاکستانی شخصیت کا پہلا مجسمہ ہے۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے، جو آج صبح ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں، دیگر معززین اور سفارت کاروں کے ہمراہ مجسمے کی نقاب کشائی میں شرکت کی۔

دفتر خارجہ نے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دورے کے دوران بلاول اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان سے ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بھی بات کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، صدر شیخ محمد بن زائد آل نہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر تعزیت بھی کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ مختصر دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے جہاں انہوں نے صدر شیخ محمد بن زائد آل نہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے انتقال پر تعزیت کی تھی۔

ایک روز قبل جاری ہونے والے ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے مضبوط تعلقات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی طور پر مثبت تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستقل طور پر مضبوط بنانے اور باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری کو گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں