اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ اگر ان کی مانی سے شادی نہ ہوتی تو وہ اب تک 5 سے 6 شادیاں کرچکی ہوتیں۔

سلمان ثاقب شیخ جو مانی کے نام سے مشہور ہیں اور ان کی اہلیہ نامور اداکارہ حرا کی جوڑی کو پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بہترین اور کامیاب جوڑی مانا جاتا ہے۔

یہ دونوں ہی عموماً ایک دوسرے کے ساتھ نہایت رومانوی انداز میں نظر آتے جبکہ سوشل میڈیا پر اکٹھے اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتے رہتے ہیں۔

حرا اور مانی کی شادی 2008 میں ہوئی تھی، اس وقت حرا صرف 19 سال کی تھیں، جوڑے کے دو بیٹے ہیں، مزمل (2009 میں پیدا ہوئے تھے) اور ابراہیم (2014 میں پیدا ہوئے تھے)۔

فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ حرا مانی نے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات شو‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی اداکاری، کریئر اور شادی سے متعلق گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ ’اگر آپ مانی سے شادی نہ کرتیں تو کیا آپ آج بھی شوبز انڈسٹری میں ہوتی؟‘ جس پر حرا مانی نے کہا کہ ’مانی سے شادی نہ کرتی تو میری 5،6 شادیاں ہوچکی ہوتیں۔‘

انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’کیونکہ میں دل پھینک قسم کی لڑکی تھی، اس کا مطلب یہ ہے کہ مانی کی شادی میری پسند کی تھی، لیکن اگر ان سے شادی نہ ہوتی تو مجھے ہر دوسرا لڑکا ’اچھا‘ لگتا تھا۔ ’

حرا مانی نے کہا کہ ’شادی کے بعد ترقی زیادہ ہوگئی ہے، میں اسٹار بن گئی ہوں، لیکن اگر مانی سے شادی نہ ہوتی تو میری بہت ساری شادیاں ہوچکی ہوتیں۔‘

قبل ازیں اگست 2021 میں حرا مانی نے اردو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے شوہر اتنے ’رئیل‘ ہیں کہ وہ اگر شادی شدہ ہوتے تو بھی وہ ان ہی سے شادی کرتیں۔

شادی کے لیے اپنی دوست کو دھوکا دینے سے متعلق تنقید پر حرا مانی نے کہا کہ ’لوگ تنقید کرتے ہیں کہ میں نے اپنی دوست کے موبائل سے مانی کا نمبر چرا کر ان سے رابطہ کیا تو مجھے یہ بات بتانے کا کوئی پچھتاوا نہیں اور جنہیں تنقید کرنی ہے کرتے رہیں‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں