• KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 12:00pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 12:00pm Asr 3:22pm

9 مئی کے مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

شائع September 13, 2023
دونوں مقدمات کی سماعت آج اے ٹی سی کے جج ابھر گل خان نے کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز/اے پی پی/پی آئی ڈی
دونوں مقدمات کی سماعت آج اے ٹی سی کے جج ابھر گل خان نے کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز/اے پی پی/پی آئی ڈی

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی واقعے سے متعلق 2 مقدمات میں مطلوب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد روپوش رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔

مذکورہ مقدمات میں کارروائی کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں فرخ حبیب، اعظم سواتی، حماد اظہر اور مراد سعید بھی شامل ہیں۔

القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو کئی شہروں میں مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، اس روز ہونے والے پُرتشدد واقعات کے سلسلے میں لاہور کے سرور روڈ پولیس اسٹیشن میں درج 2 مقدمات میں رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

احتجاج کے دوران فوجی تنصیبات سمیت متعدد سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا، جس کے ردعمل میں پی ٹی آئی کے خلاف شروع ہونے والا کریک ڈاؤن تاحال جاری ہے۔

دونوں مقدمات کی سماعت آج اے ٹی سی کے جج ابھر گل خان نے کی جنہوں نے علیحدہ علیحدہ لیکن ملتے جلتے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسران نے 6 جولائی کو عدالت سے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیے تھے اور انہیں سب انسپکٹرز شہزاد اکرم اور تنویر احمد کے حوالے کیا تھا۔

عدالت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ سب انسپکٹرز نے مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا کیونکہ وہ گرفتاری کے خوف سے روپوش ہیں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ تفتیشی افسران کی درخواست کے مطابق ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت مذکورہ بالا ملزمان کے خلاف احکامات جاری کیے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 دسمبر 2024
کارٹون : 8 دسمبر 2024