پیٹرول کی قیمت کم نہ ہونے کی صورت میں جماعت اسلامی کی کراچی کو جام کرنے کی دھمکی

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2023
حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے شہریوں سے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہدا میں شامل ہونے کی اپیل کی — فوٹو: ڈان نیوز
حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے شہریوں سے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہدا میں شامل ہونے کی اپیل کی — فوٹو: ڈان نیوز

موجودہ نگران حکومت کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف منگل کے روز شہر بھر میں مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر ادارہ نورالحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے احتجاج کے لائحہ عمل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ مظاہرہ بہت مختلف ہوگا۔

انہوں نے کراچی کے شہریوں سے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ منگل کے روز شہر کی تمام بڑی شاہراہوں کو جام کر کے احتجاج کریں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ یہ بات ہمارے حکمرانوں پر واضح ہونی چاہیے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کریں یا پھر نتائج کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں نوجوان منگل کی شام 15 مقررہ پوائنٹس پر جائیں گے اور اپنی گاڑیاں بند کرکے گاڑیوں کی آمدورفت کو روک دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نگران حکومت دراصل سابقہ اتحادی حکومت کا ہی تسلسل ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ نگران حکومت نے صرف ایک ماہ میں تیسری بار پی او ایل کی قیمتوں میں اضافہ کیا، ایسے وقت میں جب امریکی ڈالر اپنی قدر کھو رہا تھا پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بالکل غیر منطقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس غریب ملک کے امیر حکمرانوں اور اشرافیہ کو یہ سمجھنا چاہیے تھا کہ عوام کی برداشت اب خاتمے کے دہانے پر ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک کو مافیاز چلا رہے ہیں جو ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی صورت میں سب سے پہلے فرار ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہم وطنوں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ مظلوموں کی خاموشی ظالموں کی حمایت کرتی ہے، عوام کو اپنے حقوق کے لیے آگے آنا ہو گا۔

پریس کانفرنس کے بعد حافظ نعیم الرحمٰن کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شاہراہ فیصل پر دھرنا بھی دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں