بولی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی (آپ) سے تعلق رکھنے والے سیاست دان راگھو چڈھا گزشتہ رات شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔

بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں شرکت کے لیے بھارت سمیت بیرون ممالک سے مہمان راجستھان کے شہر ادے پور پہنچے، جہاں پرتعیش اور تاریخی مقام دی لیلا پیلس پر شادی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔

شادی کی تقریبات پچھلے کچھ دنوں سے جاری تھیں جن میں اُن کی مہندی، ہلدی، محفلِ موسیقی سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز راگھو چڈھا دلہنیا کو لے جانے کے لیے تاج جھیل پیلس سے لیلا پیلس تک کشتیوں پر سوار ہو کر بارات لائے، جوڑے نے ہندو رسم و رواج کے مطابق پھیرے لیے۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تقریب کی خوبصورت تصاویر شیئر کیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرینیتی نے شادی پر گولڈ اور آف وائٹ رنگ کے عروسی جوڑے کا انتخاب کیا جب کہ دلہا آف وائٹ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دیے۔

پرینیتی کا جوڑا معروف سلیبریٹی ڈیزائنر منیش ملہوترا نے تیار کیا ہے۔

پرینیتی نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ناشتے کی میز پر پہلی ہی گپ شپ سے ہمارے دلوں کو معلوم ہو گیا تھا، ہم ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے‘۔

قبل ازیں جوڑے کی شادی کے بعد مختصر پارٹی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں پرینیتی چوپڑا کو سادہ لیکن دلکش گلابی ساڑھی میں دیکھا جاسکتا ہے، دوسری جانب راگھو چڈھا سیاہ کوٹ پینٹ اور سفید شرٹ پہنے ہوئے ہیں۔

پرینیتی کی کزن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر نک جونس نے شادی میں شرکت نہیں کی تھی۔

جوڑے کی شادی کی تقریب میں ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، ہربھجن سنگھ اور منیش ملہوترا سمیت دیگر بولی وڈ شخصیات نے شرکت کی۔

دونوں کی شادی میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سمیت بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور دیگر سیاست دانوں نے بھی شرکت کی۔

خیال رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد رواں برس مئی کے آغاز میں منگنی کی تھی اور اداکارہ نے منگنی کے 10 دن بعد تصاویر شیئر کرکے رشتے میں بندھنے کی تصدیق کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں