ماضی میں بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والے معروف پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی اداکاروں کو مرکزی اور اچھے کردار نہیں دیے جاتے۔

اداکار حال ہی میں محب مرزا کے شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شوبز سمیت بھارتی فلم انڈسٹری پر بھی کھل کر بات کی۔

میکال ذوالفقار نے اعتراف کیا کہ ان کی پروڈیوس کردہ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ نے اتنی اچھی کمائی نہیں کی، جتنی انہوں نے سوچ رکھی تھی۔

ان کے مطابق اگرچہ ان کی فلم بہتر کمائی کرنے میں کامیاب گئی لیکن انہوں نے اس کے بزنس کے حوالے سے بہت کچھ سوچ رکھا تھا۔

میکال ذوالفقار کے مطابق پاکستانی میں کوئی بھی اداکار ڈانس نہیں کرسکتا، البتہ تھوڑی بہت احسن خان اور فیصل قریشی اچھی ڈانس کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداکار فلم کی شوٹنگ سے دو ہفتے قبل گانوں کے ڈانس کا ریہرسل کرتے ہیں اور یہ کہ پاکستانی فلموں میں ایسے کردار ہی نہیں ہوتے جن میں ڈانس کرنا پڑے، اس لیے ان کے خیال میں پاکستان میں کوئی بھی مرد اداکار اچھا ڈانسر نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جب وہ شوبز میں نئے آئے تھے تب انہیں ایوارڈز جیتنے کی بڑی خواہش تھی اور انہیں متعدد بار نامزد بھی کیا گیا لیکن انہیں ایوارڈز نہیں ملے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ کیریئرکے آغاز میں ایوارڈز نہ ملنے پر انہیں دکھ ہوا اور ان کا دل ٹوٹ گیا لیکن پھر انہیں وہ طریقہ آگیا، جس کے ذریعے ایوارڈز حاصل کیے جاتے ہیں اور پھر انہیں ایوارڈز بھی مل گئے۔

فلموں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جلد ہی وہ برصغیر کے ایک پہلوان کی زندگی پر فلم بنائیں گے اور وہ پاکستانی تاریخ کی بڑی فلموں میں سے ایک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈراموں کے مقابلے فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دیں گے۔

بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میکال ذوالفقار نے عزم کا اعادہ کیا کہ اب وہ دوبارہ وہاں کام نہیں کرنے جائیں گے۔

ان کے مطابق انہوں نے وہاں جاکر سیکھا کہ بھارتی لوگ پاکستانی اداکاروں کا غلط استعمال کرتے ہیں، وہ انہیں مرکزی اور اچھے کردار نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کسی بھی بڑے پاکستانی اداکار کو ایسا ہی کردار دیں گے، جس سے صاف واضح ہوگا کہ وہ بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی ہے اور عام طور پر ایسے کردار دیے جاتے ہیں، جس سے اداکاروں کی پاکستان میں بے عزتی ہوتی ہے۔

میکال ذوالفقار کا کہنا تھا کہ پیسوں کی خاطر پاکستانی اداکاروں کو ایسا کام ہی نہیں کرنا چاہئیے اور یہ کہ پاکستان میں فنکاروں کی بہت عزت ہوتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں