ہولی وڈ شخصیات کا امریکی صدر سے اسرائیل - حماس ’جنگ‘ بند کرانے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2023
جیکوئن فیونکس اور جیسیکا چیسٹن بھی خط لکھنے والوں میں شامل ہیں—فوٹو: اے ایف پی
جیکوئن فیونکس اور جیسیکا چیسٹن بھی خط لکھنے والوں میں شامل ہیں—فوٹو: اے ایف پی

ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکاروں سمیت معروف اداکاروں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی شوبز شخصیات نے امریکی صدر جوبائیڈن سے اسرائیل - حماس کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرانے کا مطالبہ کردیا۔

اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سے فلسطین پر حملے جاری ہیں اور اب تک حملوں میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں سمیت 5 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔

ہولی وڈ شخصیات سے قبل گزشتہ ہفتے برطانوی شوبز شخصیات نے بھی اپنی حکومت سے اسرائیل-حماس ’جنگ‘ بند کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب جیکوئن فیونکس، جیسیکا چیسٹن، کیٹ بلینشٹ، کرسٹین اسٹیورٹ سمیت دیگر درجنوں شوبز شخصیات نے امریکی صدر جوبائیڈن کو خط لکھ کر ان سے اسرائیل-حماس جنگ بند کرانے کا مطالبہ کردیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق کم از کم 55 ہولی وڈ اداکاروں، پروڈیوسرز اور جنگوں کے خلاف کام کرنے والی شخصیات نے جوبائیڈن کو خط لکھ کر ان سے جنگ بند کرانے کا مطالبہ کیا۔

خط میں مسلمان اداکار رز احمد اور ریمی یوسف سمیت دیگر اداکاروں کے دستخط بھی شامل ہیں جب کہ خط میں یہودی اداکاروں اور شخصیات سمیت دیگر مذاہب اور مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے دستخط بھی ہیں۔

امریکی صدر کو بھیجے گئے خط میں ہولی وڈ شخصیات نے جوبائیڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کو بند کرانے میں کردار ادا کریں، مزید انسانی جانیں ضائع نہیں ہونی چاہئیے۔

خط میں جنگ کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے امریکی صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنا اثر استعمال کرکے جنگ بند کروائیں تاکہ وہاں پھنسے افراد کی بحالی کا کام شروع ہوسکے۔

مذکورہ خط میں اقوام متحدہ کے بچوں کی صحت اور بحالی پر کام کرنے والی ذیلی تنظیم یونیسیف کے اعلیٰ عہدیدار کے کمنٹس بھی شامل کیے گئے ہیں، جنہوں نے بتایا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے پانی، بجلی، گیس اور خوراک کی فراہمی کو معطل کیا جا چکا ہے، جس سے وہاں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔

خط میں یونیسیف کے عہدیدار نے بھی جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ میں غذا اور ادویات کی بحالی کے لیے محفوظ راستہ فراہم کرنے کو بھی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں