اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور سے برآمد دھماکا خیز ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا گیا

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2023
سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی —فائل فوٹو: اے ایف پی
سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی —فائل فوٹو: اے ایف پی

اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور میں گزشتہ روز ایک ہزار 510 گرام دھماکا خیز مواد سے بھری ڈیوائس پائی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز ڈیوائس ایک بیگ میں پیک کیا گیا تھا جس کے ساتھ الیکٹرک لیڈ کے 4 ٹکڑے، ٹائم فیوز، سیفٹی فیوز اور ایک سرکٹ کارڈ بھی تھا۔

یہ بیگ وہاں موجود خاکروبوں کو ملا جنہوں نے بعد ازاں اسے ایک کریانے کی دکان کے پاس رکھ دیا اور چلے گئے۔

کچھ دیر بعد پولیس ایمرجنسی سروسز 15 کو ایک دکاندار کی کال موصول ہوئی جس نے انہیں مشکوک ڈیوائس کے بارے میں مطلع کیا، پولیس کے ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر روانہ کیا گیا جس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

بم ڈسپوزل ماہرین، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی جائے وقوع پر پہنچے اور ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا۔

بم ڈسپوزل ماہرین کے مطابق یہ ایک ’ڈبل آپریٹر‘ ڈیوائس تھی، جس کا مطلب یہ ہے کہ اسے ریموٹ کنٹرول اور ٹائم ڈیوائس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا تھا۔

سی ٹی ڈی نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں