مقبول اداکارہ و لکھاری امر خان نے کہا ہے کہ ان کی والدہ اگرچہ اداکارہ تھیں لیکن وہ اسٹار نہیں تھیں، اس لیے انہیں اچھی طرح علم تھا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں موقع نہیں ملے گا، اس لیے والدہ نے انہیں ایڑیاں رگڑ کر بھی تعلیم دلوائی۔

امر خان حال ہی میں اپنی والدہ اداکارہ فریحہ جبین کے ہمراہ ’دی ناک ناک شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے شوبز پر کھل کر بات کی۔

امر خان کی والدہ نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان پڑھ ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وہ ’سی‘ لسٹر کی اداکارہ تھیں لیکن ان کی خواہش تھی کہ اگر ان کی بیٹی شوبز میں آئے تو وہ ’اے‘ لسٹر اداکارہ بنیں۔

فریحہ جبین کے مطابق انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈراموں میں چند سیکنڈز کے کردار ادا کرنے سے اداکاری کا آغاز کیا اور آج تک وہ معاون اداکارہ ہی ہیں، وہ خود کو سی لسٹر اداکارہ مانتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف کام پر توجہ دیتی ہیں، انہیں فرق نہیں پڑتا کہ انہیں کتنی دیر کا کون سا کردار دیا جاتا ہے، بس وہ چاہتی ہیں کہ انہیں اچھا معاوضہ ملے۔

فریحہ جبین نے کہا کہ انہوں نے بیٹی کے لیے بہت قربانیاں دیں،ان کی خواہش تھی کہ بیٹی لکھ پڑھ لے اور خدا نے ان کی مدد کی اور ان کی بیٹی پر کی گئی سرمایہ کاری کام میں آگئی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے امر خان نے بھی والدہ کی تعریفیں کیں اور اعتراف کیا کہ ان کی والدہ نے انہیں اچھا انسان بنانے کے لیے بہت قربانیاں دیں۔

امر خان نے کہا کہ ان کی والدہ ان پڑھ تھیں، اس لیے ان کی والدہ نے ایڑیوں کا زور لگا کر انہیں تعلیم دلوائی اور ان کی ماں چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی فر فر انگریزی میں بات کریں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے فلم میکنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد والدہ سے براہ راست اداکاری کی اجازت نہیں مانگی بلکہ فلمیں بنانے کی اجازت مانگی۔

انہوں نے کہا کہ لیکن انہیں اداکاری کا شوق تھا، اس لیے انہیں علم تھا کہ فلم میکنگ کے بہانے وہ اداکاری کی فیلڈ میں بھی آجائیں گی۔

امر خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بولی وڈ اداکار رنبیر کپور انہیں بہت پسند ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کے ہمراہ بھی کام کریں۔

پاکستانی اداکاروں میں انہوں نے فواد خان کو بہترین اور پسندیدہ اداکار قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کے ہمراہ بھی کام کرنا چاہتی ہیں۔

اپنے آنے والے ایک ڈرامے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جلد ہی اسکرین پر وہ ایک عام خاتون رپورٹر سے چینل کی مالک بن جانے کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں