سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنی لے پالک بیٹی ’نوری‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ میرے لیے ایک معجزہ ہے، وہ جب تین ماہ کی نابینا تھی جب میں نے اسے گود لیا تھا، اس کی جب بینائی واپس آئی تو مجھے یقین نہیں آیا۔‘

حال ہی میں اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنی بیٹی کے ہمراہ پروگرام مذاق رات میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی بیٹی نوری سے متعلق کچھ ماضی کی باتیں شیئر کیں۔

نادیہ جمیل نے بتایا کہ ان کے 4 لے پالک بیٹے ہیں، ’نوری میرے لیے ایک معجزہ ہے، 30 سال قبل میں نے یتیموں کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا، میں نے یتیموں کے ساتھ اپنی لالچ کی خاطر کام نہیں کیا، بہت سارے والدین اولاد نہ ہونے کی وجہ سے یتیم خانوں میں موجود ہوتے ہیں، وہ اولاد کے لیے تڑپ رہے ہوتے ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ جب انہوں نے یتیم خانے میں نوری کو دیکھا تو وہ نابینا لیکن پُراعتماد تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ’نوری اس وقت تین ماہ کی نابینا بچی تھی، جب میں نے اسے دیکھا تو وہ بہت خوش اور پراعتماد دکھائی دے رہی تھی، اس وقت میں نے سوچا کہ اگر یہ بچی غلط ہاتھوں میں چلی گئی تو اس کی خوداعتمادی اور اس کے اندر کا سکون چھن جائے گا، معاشرہ اسے بے چاری بنا دے گا۔‘

نادیہ جمیل نے بتایا کہ ’جب میں نوری کو گود میں لے کر اپنے شوہر علی کے پاس گئی اور کہا کہ مجھے اس بچی کو گود لینا ہے تو میرے شوہر ایک سیکنڈ کے اندر راضی ہوگئے اور یوں ہماری کئی سالوں کی بیٹی کی خواہش اللہ نے پوری کردی۔‘

نادیہ جمیل نے نوری کی بینائی سے متعلق بتایا کہ ’ڈاکٹرز نے ہمیں بتایا کہ نوری جب ڈھائی سال کی ہوگی تو اس کی پہلے ایک آنکھ کی سرجری ہوگی اور کچھ وقت بعد اس کے دوسری آنکھ کی سرجری ہوگی۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ اس دوران ڈاکٹرز نے تین نئے آئی ڈراپس کا تجربہ کرنے کے لیے نوری کے آنکھوں میں ڈال دیے جس کے بعد اس کی بینائی واپس آگئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت لندن میں تھیں اور ان کے شوہر نے انہیں ویڈیو کال کے ذریعے خبر دی کہ نوری کی بینائی واپس آگئی ہے اور وہ یہ سن کر بہت حیران تھیں۔

نادیہ جمیل نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ اپنے فیصلے اچھی نیت کے ساتھ کریں، آپ کے فیصلوں سے اچھی قسمت بن سکتی ہے۔

خیال رہے کہ نادیہ جمیل کی اپنی کوئی اولاد نہیں، انہوں نے نوری سے قبل بھی 5 بچوں کو گود لے رکھا ہے، جن کی وہ پرورش کرتی ہیں۔

گزشتہ سال انہوں نے اپنے تمام بچوں کے ہمراہ کھچوائی گئی تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے بڑے بیٹے صابر کی عمر 17 برس ہوچکی ہے اور اس نے حال ہی میں میٹرک پاس کیا ہے، انہوں نے انہیں 4 برس کی عمر میں گود لیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے دوسرے بیٹے علی راشد بھی بڑے ہو چکے ہیں اور وہ اداکار بننے کا شوق رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق ان کے تیسرے بیٹے آزاد کی عمر 7 سال ہے جب کہ ان کے چوتھے بیٹے طلحٰہ انعام بھی سمجھدار ہو چکے ہیں، جنہوں نے انہیں اس وقت گود لیا تھا جب ان کی والدہ کے بعد ان کے والد بھی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے پانچویں بیٹے علی شاکر بھی سمجھدار ہو چکے ہیں اور وہ بھی اپنی تعلیم مکمل کرکے اپنا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں