• KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am
  • KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am

’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کے بعد بھارت میں طلاقیں بڑھیں، رانی مکھرجی

شائع November 28, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

ماضی کی مقبول ہیروئن رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اور شاہ رخ خان کی رومانوی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ دیکھنے کے بعد بہت سارے شادی شدہ جوڑوں کے درمیان طلاق ہوئی، کیوں کہ فلم نے ایسے جوڑوں کی آنکھیں کھول دی تھی۔

’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کو 2006 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس کی ہدایات کرن جوہر نے دی تھیں، شاہ رخ خان نے فلم میں پریتی زنٹا کے شوہر جب کہ رانی مکھرجی نے ابھیشیک بچن کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔

تاہم فلم میں شاہ رخ خان اور رانی مکھرجی اپنی شادیوں میں خوش نہیں ہوتے، انہیں اپنے شریک حیات سے کوئی دلی لگاؤ نہیں ہوتا، بعد ازاں ان کی آپس میں ملاقات ہوتی ہے جو دوستی اور پھر محبت میں تبدیل ہوجاتی ہے۔

فلم میں دکھایا گیا تھا کہ کس طرح بعض شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے سے لڑائی کیے بغیر سالوں تک اپنی شادی کو برداشت کرکے اسے کامیابی سے چلاتے دکھائی دیتے ہیں۔

فلم کی کہانی نے بھارتی سماج پر گہرے اثرات مرتب کیے تھے اور شادی شدہ جوڑوں کو بھی اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کیا تھا۔

اب فلم کی ریلیز کی تقریباً دو دہائیوں بعد رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی فلم دیکھنے کے بعد بہت سارے شادی شدہ جوڑوں نے طلاق لیں۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق رانی مکھرجی نے ایک فلم تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کے بھارتی سماج اور خصوصی طور پر شادیوں پر پڑنے والے اثرات پر بات کی۔

رپورٹ کے مطابق رانی مکھرجی نے دعویٰ کیا کہ ان کی فلم کو دیکھنے کے بعد بہت سارے شادی شدہ جوڑوں کی آنکھیں کھل گئیں، انہیں اپنی ازدواجی زندگی سمجھ میں آگئی اور انہوں نے شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی فلم کو ہزاروں جوڑوں نے تکلیف دہ حالت میں دیکھا، کیوں کہ ہر کسی کو فلم کی کہانی اپنی زندگی کی سچی کہانی محسوس ہو رہی تھی۔

رانی مکھرجی کے مطابق ان کا خیال ہے کہ ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ میں ان کی اور شاہ رخ خان کی شادی شدہ زندگی کو دیکھتے ہوئے بہت سارے جوڑوں نے اپنی شادیاں طلاق پر ختم کیں۔

انہوں نے شادی شدہ زندگی پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر کوئی شوہر اپنی بیوی پر تشدد نہیں کرتا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اپنی اہلیہ سے محبت کرتا ہے؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوہر بھلے خاموش رہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ خواتین سے ان کی مرضی نہیں پوچھی جاتی، انہیں یہ حق نہیں دیا جاتا کہ وہ بول سکیں کہ انہیں کون سا مرد کس طرح لگتا ہے؟

کامیاب فلم کو 2006 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
کامیاب فلم کو 2006 میں ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

رانی مکھرجی سے قبل کرن جوہر بھی ایک بار انٹرویو میں اسی فلم کے ایک متنازع منظر کے حوالے سے بتا چکے تھے کہ انہیں ادیتیا چوپڑا نے فون کرکے مشورہ دیا تھا کہ وہ فلم میں رانی مکھرجی اور شاہ رخ خان کے درمیان جسمانی رومانس کے مناظر شامل نہ کریں، اس سے لوگ افسردہ ہو سکتے ہیں۔

کرن جوہر نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ لیکن انہوں نے ادیتیا چوپڑا کی بات نہیں مانی تھی اور وہ بضد تھے کہ فلم میں رانی مکھرجی اور شاہ رخ خان کے درمیان ہونے والے جسمانی رومانس کو بھی دکھایا جانا چاہیے۔

ہدایت کار نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ فلم ریلیز ہونے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ واقعی فلم میں دونوں کے درمیان جسمانی رومانس کو نہیں دکھانا چاہیے تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024