عثمان خالد بٹ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، مریم نفیس

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ مریم نفیس کا کہنا ہے کہ اداکار عثمان خالد بٹ ان کے جگر کے ٹکڑے ہیں اور یہ کہ لڑکا اور لڑکی جسمانی تعلقات کے بغیر بھی بہترین دوست ہو سکتے ہیں۔

مریم نفیس نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی شادی سے متعلق مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے اور پہلی بار کئی انکشافات بھی کردیے۔

ایک مداح کے پوچھنے پر انہوں نے فخر سے بتایا کہ انہیں منہ دکھائی کی رسم میں سپلیمنٹری کریڈٹ کارڈ ملا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے کریڈٹ کارڈ میں کتنی لمٹ ہے؟

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ پہلے انہیں شوہر نے شادی کی پیش کش کی تھی اور دونوں کی پہلی ملاقات میوزک کی ویڈیو بنانے کے دوران ہوئی تھی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مریم نفیس نے شوہر کے ہمراہ پہلی بار کھچوائی گئی پرانی تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ گانے کی ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے ایک دوسرے کو دیکھا تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ نکاح نامے پر دستخط کرتے وقت وہ گھبرائی ہوئی تھیں لیکن ساتھ ہی اعتراف کیا کہ انہیں خوشی بھی ہوئی۔

مریم نفیس نے بتایا کہ انہوں نے ولیمے کی تقریب یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزار کر کی تھی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

شادی سے پہلے اور بعد کی ایک اچھی اور بری چیز سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہتے ہیں لیکن وہ شوہر کے ہمراہ دوسرے شہر میں رہتی ہیں، اس لیے وہ والدین سے ملنے ہر 15 یا 20 دن بعد اسلام آباد جاتی ہیں۔

اداکارہ سے پوچھا گیا کہ جب انہوں نے اداکار عثمان خالد بٹ کو شادی کا بتایا تو ان کا ردعمل کیا تھا، جس پر اداکارہ نے ان کی ڈانس ویڈیو کا کلپ شیئر کیا اور بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ اس وقت عثمان خالد بٹ بہت خوش ہوئے ہوں گے اور کہا ہوگا کہ ان کی جان چھوٹی۔

اسی طرح ایک اور مداح نے ان سے پوچھا کہ ریڈٹ پر ان سے متعلق افواہیں ہیں کہ ان کے عثمان خالد بٹ سے تعلقات رہے تھے لیکن انہیں ایسی باتوں پر یقین نہیں آرہا؟

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اس پر مریم نفیس نے کہا کہ یہ بالکل ٹھیک باتیں ہیں اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ایک لڑکے اور لڑکی کے درمیان کسی بھی لالچ اور جسمانی تعلقات کے بغیر بھی دوستی اور احترام کا رشتہ ہو سکتا ہے۔

ایک مداح نے مریم نفیس سے پوچھا کہ ان کی شادی پر عثمان خالد بٹ بہت خوش تھے، ان کا ان سے کیا رشتہ ہے؟ اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ وہ ان کے جگر کے ٹکڑے ہیں۔

خیال رہے کہ مریم نفیس نے مارچ 2022 میں دیرینہ دوست، ہدایت کار اور فوٹوگرافر امان احمد سے شادی کی تھی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں