رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کسی صورت انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتی، الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق یقین دہانی کرائی ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی صورت انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتی، ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ انتخابات میں تاخیر نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق یقین دہانی کرائی ہے، الیکشن کمیشن کو صاف و شفاف انتخابات کے لیے تجاویز دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ انتخابات میں تاخیر سے متعلق جو درخواستیں آئی ہیں انہیں ناقابل سماعت قرار دیا جائے اور ان کی باقاعدہ سماعت نہ کی جائے۔

سینٹر تاج حیدر کے ہمراہ موجود فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے مثبت ملاقات رہی، چیف الیکشن کمشنر کو تحفظات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ہماری میٹنگ انتہائی مثبت رہی، پیپلزپارٹی کا الیکشن کمیشن پر بھر پور اعتماد ہے۔

قبل ازیں پیپلزپارٹی کے وفد نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، وفد میں رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر تاج حیدر، فیصل کریم کنڈی، سعید غنی اور ناصر حسین شاہ شامل تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں