بھارتی فوج کے زیرِ حراست 4 کشمیری شہید، پونچھ کمیونٹی کی برہنہ احتجاجی پریس کانفرنس

اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2023
پونچھ کمیونٹی نے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے 7 روز کا الٹی میٹم دے دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
پونچھ کمیونٹی نے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے 7 روز کا الٹی میٹم دے دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں تعینات مودی سرکار کے وردی پوش غنڈوں نے بھارت کا اصلی سفاک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔

’ڈان نیوز ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق بفلیاز سرنکوٹ پونچھ میں دورانِ حراست 4 معصوم شہریوں کے وحشیانہ قتل پر پونچھ کمیونٹی نے برہنہ احتجاجی پریس کانفرنس کی۔

ہندو، سکھ اور عیسائی سماجی کارکنان نے بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی فوجی قاتلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے قاتلوں مصطفیٰ، محمد رفیق، ارشاد اور جگی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

پونچھ کمیونٹی کے کارکن نے کہا کہ معصوم کشمیری نوجوانوں پر بھارتی فوج کے تھرڈ ڈگری ٹارچر کی ویڈیو وائرل ہو گئی، مودی سرکار جب معاملہ دبا نہ سکی تو نامعلوم افراد کے نام پر ایف آئی آر درج کر دی۔

انہوں نے کہا کہ مقتولین کے ورثا کو ایف آئی آر درج کروانے سے روکنے کے لیے سنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

پونچھ کمیونٹی کے کارکن نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایف آئی آر میں نشاندہی کیے جانے والے افراد غلام مصطفیٰ، محمد رفیق، ارشاد اور جگی کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

انہوں نے وزیر دفاع راج ناتھ، ایس ایس پی پونچھ اور کشمیر انتظامیہ سے مجرمان کے خلاف منصفانہ انکوائری کا پر زور مطالبہ کیا۔

مطالبات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں پونچھ کمیونٹی نے برہنہ احتجاج جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے 7 روز کا الٹی میٹم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی اتحاد کے تحت ہم سب منصفانہ انکوائری اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، انصاف نہ ملنے کی صورت میں ہم برہنہ احتجاج جاری رکھیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں