عام انتخابات: انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت

01 جنوری 2024
نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے—فائل فوٹو: اے پی
نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے—فائل فوٹو: اے پی

الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق آئی جی پنجاب اور ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) کو انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور تمام سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے صوبائی الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پی پنجاب اور آئی جی پی اسلام آباد کو 25 دسمبر 2023 کو جاری ہونے والی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ جولائی 2022 میں 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں تمام ریجنل پولیس افسران، ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز)، پنجاب کے علاقائی اور ضلعی الیکشن کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی اور اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ایک سینیئر پولیس افسر نے راولپنڈی ڈویژن میں انتہائی حساس اور عام پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی اور تعداد کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی کو حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم یہ عمل جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں