گزشتہ کچھ ماہ سے قتل کی دھمکیوں کا سامنا کرنے والے بولی وڈ اسٹار اداکار سلمان خان کے فارم ہاؤس میں دو نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پنویل میں واقع فارم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

یہ واقعہ 4 جنوری کو پیش آیا جب بھارتی ریاست مہاراشترا کے شہر پنویل میں واقع فارم ہاؤس کے منیجر نے پولیس کو اطلاع دی۔

انہوں نے بتایا کہ شام 4 بجے کے قریب فارم ہاؤس کے سیکیورٹی گارڈ محمد حسین نے انہیں فون کیا اور فوری طور پر مین گیٹ پر پہنچنے کو کہا، وہاں پہنچ کر انہوں نے دیکھا کہ دو نامعلوم افراد مین گیٹ کے بائیں جانب جھاڑیوں اور باؤنڈری وال کو پھلانگ کر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

دونوں ملزمان کی شناخت 23 سالہ اجیش کمار اور گرو سیوک سنگھ کے نام سے ہوئی جو کارپنٹر اور فرنیچر کا کام کرتے ہیں، دونوں افراد کے خلاف دھوکا دہی، جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ سلمان خان فارم ہاؤس کےاندر موجود تھے، ملزمان نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکار سے ملنا چاہتے تھے، دونوں ملزمان سے جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔

قتل کی دھمکیاں

گزشتہ کچھ ماہ کے دوران سلمان خان کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہونے کی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔

دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی تھیں جس میں نامعلوم شخص نے اداکار کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔

اس کےعلاوہ اداکار کو دھمکی آمیز ای میلز بھی موصول ہونے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد ممبئی پولیس نے گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی، دونوں ملزمان سدھو موسے والا کے قتل میں بھی نامزد ہیں۔

انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دھمکی آمیز ای میل بھیجنے والے شخص نے ہندی میں لکھا کہ ’گولڈی بھائی (گولڈی برار) سلمان خان کے آمنے سامنے بیٹھ کر بات کرنا چاہتے ہیں۔‘

قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اداکار کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا، ایک پروگرام میں سلمان خان نے کہا تھا کہ سیکیورٹی، insecurity سے بہتر ہے، اب سڑک پر سائیکل چلانا اور اکیلے کہیں جانا ممکن نہیں، اور جب میں ٹریفک میں ہوتا ہوں تو بہت زیادہ سیکیورٹی ہوتی ہے، ہجوم کی وجہ سے مداح بھی پریشان ہوتے ہیں، میرے لیے سنگین خطرہ ہے اسی لیے میں نے سیکیورٹی رکھی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں پوری سیکیورٹی کے ساتھ ہر جگہ جا رہا ہوں، میں جانتا ہوں جو ہونا ہوگا وہ ہوکر رہے گا، لیکن مجھے خدا پر یقین ہے، ایسا نہیں ہے کہ میں آزادانہ گھومنا شروع کر دوں گا، اب میری حفاظت کے لیے میرے ارد گرد اتنے لوگ بندوقیں اٹھائے گھوم رہے ہوتے ہیں کہ میں خود اپنے آپ کو خوفزدہ محسوس کرتا ہوں۔‘

تبصرے (0) بند ہیں