سوشل میڈیا پر برطانوی گلوکار زین ملک اور ابھرتے ہوئے پاکستانی گلوکاروں کے بینڈ ’اور‘ کے ساتھ تعاون (collaboration) کی خبریں وائرل ہونے کے بعد دونوں کے مداح بے حد پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

پاکستان کے ابھرتے ہوئے ہپ ہاپ میوزک بینڈ ’اور‘ کی جانب سے انسٹاگرام پر گانے کا مختصر ٹیزر شئیر کیا گیا جس کے کیپشن میں زین ملک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’بہت جلد آنے والا ہے‘۔

برطانوی گلوکار زین ملک نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ گانے کی ریلیز اور مداحوں کے ردعمل کا انتظار نہیں کرسکتے۔

مختصر ٹیزر میں میوزک بینڈ ’اور‘ کے تین نوجوان گلوکار اسامہ علی، احد خان، اور رافع انور کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ برطانوی گلوکار زین ملک بھی گانا گاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

زین ملک اور میوزک بینڈ کی جانب سے ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ ’اور‘ کی جانب سے نیا گانا جاری کیا جارہا ہے جس میں زین ملک نے خصوصی طور پر پاکستانی گلوکار کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

دوسری جانب زین ملک نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ٹیزر کو ری پوسٹ کیا۔

تاہم اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، البتہ پاکستانی شائقین دونوں کے اس تعاون پر حیرانی کا اظہار کررہے ہیں اور گانے کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ شاید وہ یہ ٹیزر دیکھ کر خواب دیکھ رہی ہیں، کیا واقعی زین ملک لوکل پاکستانی برینڈ کے ساتھ تعاون کررہے ہیں؟

کئی مداحوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی بینڈ ’اور‘ کو مبارک باد پیش کی اور مزید اس تعاون کی مزید تفصیلات کے لیے پرجوش دکھائی دیے۔

پاکستان کا ابھرتا ہوا میوزک بینڈ ’اور‘

پاکستان کا ابھرتا ہوا میوزک بینڈ ’اور‘ 2020 میں اسامہ علی، احد خان اور رافع انور نے بنایا تھا ، ان کی جانب سے حال ہی میں ریلیز کیا گیا گانا ’تو ہے کہاں‘ ملک بھر میں وائرل ہوا تھا، جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پزیرائی ملی تھی۔

اس گانے کو یوٹیوب پر اب تک 9 کروڑ 70 لاکھ لوگ سن چکے ہیں۔

ان کے دیگر وائرل ہونے والے گانوں، میں ’دوریاں‘، ’چہرے‘، ’شکایت‘، اور no way to nowhere شامل ہیں،

بینڈ نے اپنا پہلا سنگل ’تو ہے کہاں‘ 2021 میں ریلیز کیا تھا، یہ گانا پاکستان میں بہت زیادہ ہٹ ہوا اور اس نے بینڈ کے کیریئر کو شروع کرنے میں مدد کی۔

دوسری جانب زین جواد ملک نامور انگریز گلوگار ہیں، انسٹاگرام پر کروڑوں فالووز رکھنے والے گلوکار کے گانے برطانیہ میں کافی مشہور ہیں، جبکہ ماضی میں وہ برطانوی ماڈل جی جی حدید کے ساتھ تعلقات میں بھی رہ چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں