پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صائم ایوب کا ’نو لک شاٹ‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے شہرت پانے والےصائم ایوب نے نیوزی لینڈ کےخلاف پہلےٹی ٹوئنٹی میں 8 گیندوں پر 27 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کیے۔

صائم ایوب سے سب سے پہلے پی ایس ایل میں نو لک شاٹ سے شہرت کمائی تھی، فروری 2023 میں پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دی تھی، تاہم دوسری اننگز میں پشاور زلمی کے صائم ایوب نے اپنی نصف سنچری سے سبھی کو متاثر کیا تھا۔

اُس وقت انہوں نے 37 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی مگر اس اننگز میں مارے گئے تین چھکوں اور تین چوکوں نے شائقین کو کافی لطف اندوز کیا۔

صائم ایوب نے اپنی پاور ہٹنگ سے شائقین کو کافی متاثر کیا تھا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھیں۔

اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی وہ دھوم مچا رہے ہیں، 12 جنوری کو پاکستان کی طرف سے نیوزی لینڈ کےخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں صائم نے 8 گیندوں پر 27 رنز کی مختصر لیکن دھواں دھار اننگز کھیلی۔

صائم کی بیٹنگ کی خاص بات ان کا نو لک شاٹ تھا جو کہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا۔

البتہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی تھی لیکن صائم ایوب، جن کا موازنہ پاکستانی لیجنڈ اوپنر سعید انور سے کیا جاتا ہے، نے اپنی شاٹس سے آج کافی نئے فینز بنا لیے ہیں۔

صائم نے 337.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی جو کہ پاکستان کے لیے ریکارڈ ہے، کم سے کم 25 رنز کی اننگز کے لیے یہ کسی بھی پاکستانی کا سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ ہے۔

اس کےعلاوہ صائم نے فیلڈنگ میں 4 کیچز پکڑ کر پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ایک میچ میں سب سے زیادہ کیچ پکڑنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں