سینئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی شادی سے ایک روز قبل ان کی والدہ نے نصیحت کی تھی کہ شوہر سے ہمیشہ ایک قدم پیچھے رہنا، اس نصیحت پر اداکارہ آج بھی عمل کرتی ہیں۔

صبا فیصل نے انسٹاگرام پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’کچھ باتیں اور کچھ روایتیں ہر دور میں ہماری مشرق کی روایات کی ترجمان ہوتی ہیں‘۔

اداکارہ نے ویڈیو میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج پھر میں آپ لوگوں کے ساتھ اپنی والدہ کی ایک بات شیئر کروں گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی چھوٹی بہن فرح جو ان سے 2 سال چھوٹی ہیں لیکن ان دونوں کی شادی ایک ہی دن ہوئی تھی تو ان کی والدہ نے انہیں شادی سے ایک دن پہلے نصیحت کی تھی جو انہیں آج بھی یاد ہے۔

صبا فیصل نے بتایا کہ کس طرح پرانے زمانے میں مائیں اپنی بیٹیوں کو شادی شدہ زندگی کو خوشگوار اور آسان بنانے کے لیے اہم نصیحتیں کیا کرتی تھیں۔

صبا فیصل نے کہا کہ آج کے زمانے میں شاید یہ رواج ہو لیکن پہلے وقتوں میں مائیں اپنی بیٹیوں کو بہت سمجھایا کرتی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ نے انہیں نصیحت کی تھی کہ ہمیشہ اپنے شوہر سے ایک قدم پیچھے اور ایک قدم نیچے رہنا تاکہ جب بھی سر اُٹھا کر دیکھو تو تمہیں آسرے کے لیے اپنے شوہر کا چہرہ نظر آئے نا کہ کھلا آسمان۔

صبا فیصل نے کہا کہ والدہ کی جانب سے یہ نصیحت بہت گہری بات تھی، انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی بہنیں آج بھی اس نصیحت پر عمل کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ خود پرانے خیالات کی مالک ہیں اور شوہروں کو بہت اہمیت دیتی ہیں لیکن صرف ان شوہروں کو جو بدلے میں اپنی بیویوں کو عزت اور محبت دیتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں