پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی 15 سال سے سندھ میں حکومت ہے ذرا 15 منصوبے تو گنوادیں؟

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص پنجاب آکر کہتا ہے کہ نواز شریف نے منشور نہیں دیا، مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت نے کچھ نہیں کیا ہے، پنجاب نوازشریف کے خلاف تنقید برداشت نہیں کرسکتا، مسلم لیگ (ن) کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کا کام تنقید کرو اور الزامات لگاؤ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نوازشریف نے جو منشور دیا اس پر عمل بھی کیا،نواز شریف کو جہاں مینڈیٹ نہیں ملا وہاں بھی کام کرائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) تنقیدکرتی ہے نہ ہی الزام لگاتی ہے، وہ صرف کام کرتی ہے، نواز شریف صرف عوام کی مشکلات کا سوچتے ہیں، وہ مہنگائی کم کرنے کا پلان تیار کر رہے ہیں۔

انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ عوام کی امانت ہے، 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ کا فیصلہ کریں، ووٹ سوچ سمجھ کر دیں اس نے آئندہ نسلوں کی ترقی کا فیصلہ کرنا ہے، صرف خود ووٹ نہیں ڈالیں بلکہ دوسروں سے بھی ووٹ ڈلوائیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ ہم نے یہ ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانا ہے، میں آپ کی محبت پر شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے وعدہ کیا کہ اگر مجھے منتخب کیا تو این اے 119، این اے 120 میں دفتر قائم کروں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں