پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 418 پوائنٹس بڑھ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر تقریباً 11 بج کر 25 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 418 پوائنٹس یا 0.67 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 811 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 62 ہزار 393 پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ روز انڈیکس میں 414.56 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا، اس سے ایک روز قبل کے ایس ای-100 انڈیکس 137 پوائنٹس بڑھا تھا۔

اس سے قبل 30 جنوری کو سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بیچ مارک کے ایس ای -100 انڈیکس میں 931 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔

اسی طرح ہفتے کے پہلے کاروباری روز پیر (29 جنوری) کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1039 پوائنٹس یا 1.63 فیصد تنزلی کے بعد 62 ہزار 773 پر آ گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 2023 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے اچھا سال ثابت ہوا، جس کے آغاز کے ساتھ اختتام بھی مثبت رجحان پر ختم ہوا تھا۔

2 جنوری 2023 بروز پیر کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار 420 پوائنٹس پر تھا، جو کاروبار کے اختتام تک 395.45 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 815 پر پہنچ گیا تھا۔

سال 2023 کے آخری کاروباری روز انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا، اس طرح گزشتہ برس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 22 ہزار 31 پوائنٹس یا 54.50 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں