خواتین تشدد کرنے والے شوہر کی ماں بن کر اس کی تربیت کرنا چھوڑ دیں، عینی جعفری

شائع February 21, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ عینی جعفری نے خواتین کو تجویز دی ہے کہ وہ تشدد کرنے والے شوہر، بوائے فرینڈ یا کسی طرح کے دوست سے تعلقات کو مزید برقرار نہ رکھیں، وہ اس کی ماں بن کر اس کی تربیت کرنے کی کوشش نہ کریں۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ازدواجی زندگی سمیت گھریلو تشدد پر بھی کھل کر بات کی۔

گھریلو تشدد کے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ تشدد کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے، خواتین کو کسی طرح بھی مردوں کا تشدد برداشت نہیں کرنا چاہیے اور انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ جس مرد نے آج تھوڑا مارا ہے، کل کو وہ زیادہ مار سکتا ہے۔

شو میں عینی جعفری نے کہا کہ خواتین کا یہ حق ہے کہ وہ کسی ایسے مرد سے شادی کریں جس کی پہلے سے ہی اچھی تربیت ہوئی ہو اور وہ تشدد کا عادی نہ ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ شوہر، منگیتر، بوائے فرینڈ یا وہ لڑکا جس سے اہل خانہ نے ملنے کو کہا ہو، خواتین ان کے تھوڑے سے بھی تشدد پر اس سے راہیں جدا کرلیں، اگر اس مرد نے خاتون پر تھوڑا بھی تشدد کیا، وہ ان سے جدا ہوجائیں، کیوں کہ وہ بعد میں انہیں زیادہ مارے گا اور وہ زندگی بھر نہیں بدلے گا۔

عینی جعفری کے مطابق ہر لڑکی کا حق ہے کہ وہ ایسے مرد سے شادی کرے جو پہلے سے ہی اچھا ہو، وہ خراب یا بگڑے ہوئے شخص سے شادی کرکے اس کی اماں بن کر اس کی تربیت کرنے کی کوشش نہ کرے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی خاتون کو اپنے شوہر کی اماں بن کر اس کی تربیت نہیں کرنی چاہئیے، اس کی تربیت کرنا اس کا کام نہیں، وہ کام شوہر کی ماں کا تھا، اس لیے اگر کوئی مرد تشدد کرتا ہے تو اس سے راہیں جدا کرلی جائیں۔

اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد زیادہ تر صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور کمنٹ کیے کہ تشدد کرنے والے شخص سے کبھی تعلقات برقرار نہیں رکھنے چاہئیے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024