گلوکارہ شازیہ منظور کی جانب سے مزاحیہ پروگرام کی شوٹنگ کے دوران کامیڈین شیری ننھا کو مذاق میں تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹی وی چینل انتظامیہ، شو کی ٹیم اور گلوکارہ کو تنقید کا سامنا ہے۔

مزاحیہ پروگرام پبلک ڈیمانڈ کی جانب سے ایک روز قبل شازیہ منظور کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، جس میں وہ پروگرام کے شریک میزبان اور کامیڈین شیری ننھا کو تشدد کا نشانہ بناتی دکھائی دیں۔

وائرل ویڈیو میں شازیہ منظور کو کامیڈین کو گالیاں دیتے ہوئے اوران پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں شازیہ منظور بار بار کہتی ہیں کہ کامیڈین انہیں بہن بولنے کے باوجود ان سے ہنی مون کی بات کر رہے ہیں، انہیں شرم نہیں آتی، وہ ان کے لیے مذاق ہیں کہ وہ ان سے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شازیہ منظور کامیڈین شیری ننھا کو بار بار تھپڑ رسید کرتی ہیں جب کہ شو کے میزبان محسن عباس حیدر بھی وہیں کھڑے دکھائی دیتے ہیں اور باقی لوگ بھی گلوکارہ کو مزید تشدد نہ کرنے کا کہتے ہیں لیکن وہ بار بار کامیڈین کو تھپڑیں مارتی دکھائی دیتی ہیں۔

بعد ازاں چینل کے فیس بک پر ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں دکھایا گیا کہ شازیہ منظور نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مذاق میں کامیڈین شیری ننھا کو تشدد اور تضحیک کا نشانہ بنایا۔

دوسری ویڈیو میں دکھایا گیا کہ شازیہ منظور کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بناکر اسٹوڈیو سے نکل جاتی ہیں لیکن پھر شو کے تمام لوگ انہیں مناکر واپس لاتے ہیں اور آخر میں شازیہ منظور سمیت تشدد کا نشانہ بننے والے کامیڈین اور شو کے میزبان بھی ہنس پڑتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ انہوں نے یہ سب مذاق کیا تھا۔

اسی دوران محسن عباس حیدر اعلان کرتے ہیں کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ شازیہ منظور کو دیا جاتا ہے۔

شو کی ٹیم کی جانب سے نامناسب مذاق کیے جانے پر لوگوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے چینل انتظامیہ، شو کی ٹیم اور شازیہ منظور کو آڑے ہاتھوں لیا اور کمنٹس کے کہ انہوں نے تھرڈ کلاس مذاق کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں