بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں مستونگ ، زیارت، کان مہترزئی، شیلا باغ اور دیگر علاقوں میں میں بارش اور برفباری ہوئی۔

برف باری کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کوئٹہ، مستونگ، شیلاباغ، خانوزئی اور کان مہترزئی کی سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا جب کہ ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے شاہراہوں پر نمک کے چھڑکاؤ کے علاوہ گریڈرز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔

بارش اور برف باری کے باعث صوبے بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جب کہ کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب سیاحتی مقامات ملکہ کوہسار مری سمیت خیبر پختونخوا کے علاقوں ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، اسکردو باغ اور نیلم میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخوا گلگت بلتستان جنوبی پنجاب خطہ پوٹھوہار، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات پش گوئی کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان میں بارش جب کہ چارسدہ، پشاور، نوشہرہ اور کوہاٹ میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے، مری، گلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ برفباری سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل کا امکان ہے، اس کے علاوہ بالائی خیبر پختونخوا، مری گلیات کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں