کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت 2 سال بعد پہلی بار 60 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی، جس کی قدر فروری کے دوران 42 فیصد بڑھی، یہ دسمبر 2020 کے بعد ماہانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2021 کے بعد پہلی بار بٹ کوائن 60 ہزار 131 ڈالر پر پہنچ گیا، جب اس کی قیمت 70 ہزار ڈالر سے تھوڑی کم ریکارڈ کی گئی تھی۔

فیڈرل ریزرو کی جانب سے اس سال شرح سود میں کمی کرنے کے امکانات نے سرمایہ کار زیادہ نفع یا زیادہ غیر مستحکم اثاثوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

ریٹیل انویسٹمنٹ پلیٹ فارم ’ای ٹورو‘ کے اسٹریٹجسٹ بین لیڈلر نے بتایا کہ بٹ کوائن میں نئے اسپاٹ بٹ کوائن ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایفز) سے مسلسل آمد اور جون میں امریکا میں شرح سود میں کمی کے سبب اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

کرپٹو پلیٹ فارم ’کوائن گیکو‘ نے بتایا کہ گردش میں موجود تمام بٹ کوائن کی قیمت 2 سالوں میں پہلی بار رواں مہینے 2 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

دوسری جانب، دنیا کی دوسری بڑی کرپٹو کرنسی ایتھر 3.2 فیصد اضافے کے بعد 3 ہزار 353 ڈالر پر پہنچ گئی، جس نے دن کے آغاز میں ایک اور 2 سال کی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔

تبصرے (0) بند ہیں