کرک میں سیکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

02 مارچ 2024
سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی—فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی—فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع کرک میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3دہشت گرد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں فعال طور پر ملوث رہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمہ کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا ری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی عوام نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔

تین روز قبل شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے 28 فروری 2024 کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پرآپریشن کیا تھا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں