تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار دنیا کی پہلی مسجد کا افتتاح

07 مارچ 2024
کاروباری خاتون  کی طرف سے اپنے  شوہر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مسجد تعمیر کی گئی—فوٹو: العربیہ نیوز
کاروباری خاتون کی طرف سے اپنے شوہر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مسجد تعمیر کی گئی—فوٹو: العربیہ نیوز

سعودی عرب کے شہر جدہ شہرمیں ’تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی‘ کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی دنیا کی پہلی مسجد کا افتتاح کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’العربیہ نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کی گئی مرحوم عبدالعزیز عبداللہ شربتلی مسجد جدہ گورنری میں الجوہرہ پروجیکٹ کا حصہ ہے، یہ پروجیکٹ نیشنل ہاؤسنگ کمپنی کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔

مسجد کے افتتاح کے موقعے پرسرکاری حکام ، تاجروں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

رپورٹ کے مطابق نئی مسجد کاروباری خاتون وجانت محمد عبدالوحید کی طرف سے اپنے مرحوم شوہرکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کی تعمیر کرائی گئی ہے۔

مسجد 5600 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے، اس کی تیاری پر لگ بھگ 6 ماہ لگے، مسجد کو چینی کمپنی نے تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا۔

وجانت عبدالوحید نے کہا کہ وہ اس جدید ٹیکنالوجی کو مملکت میں متعارف کرانے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتی ہیں، اس مسجد کی تعمیر کے بعد یہ دنیا کی اپنی نوعیت کی پہلی مسجد اور سعودی عرب ایسی مساجد بنانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹیکنالوجی اور جدید تعمیرات کی دنیا میں ایک معیاری جست کی نمائندگی کرتی ہے، یہ مسجد سعودی عرب میں تعمیرات کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کا ثبوت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں