انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے آئی سی سی کا وفد کراچی پہنچ گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق آئی سی سی وفد میں سینیئر مینجر سارہ ایڈگر، منیجر عون زیدی شامل ہیں۔

آئی سی سی وفد نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کرے گا اور نیشنل اسٹیڈیم کی مینجمنٹ انتظامات سے متعلق وفد کو بریفنگ دے گی، آئی سی سی وفد کا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں شیڈول ہے، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے انٹرنیشنل) طرز کی کرکٹ کھیلیں گی۔

آئی سی سی کے ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کی سرِ فہرست 7 ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ کے لیے اپنی پوزیشن محفوظ کر لی تھی جبکہ پاکستان نے بطورِ میزبان اس کے لیے کوالیفائی کیا۔

پاکستان میں ہونے والی 2025 چیمپئنز ٹرافی میں ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل نہیں ہوں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں