مقبول گلوکار علی ظفر کی جانب سے لیجنڈری گلوکار و موسیقار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے ساتھ ریلیز کیا گیا سرائیکی گانا ’بالو بتیاں‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔

’بالو بتیاں‘ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا کلاسک گانا ہے، جسے انہوں نے 2006 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی موسیقی بھی انہوں نے خود ہی ترتیب دی تھی۔

’بالو بتیاں‘ اس قدر مقبول ہوا تھا کہ اس گانے کا ریکارڈ کئی سال تک کوئی توڑ نہیں پایا تھا اور آج تک سرائیکی زبان بولنے والے اسے بڑے شوق سے سنتے ہیں۔

لیکن اب علی ظفر نے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے ساتھ ’بالو بتیاں‘ کو نئے انداز میں پیش کرکے مداحوں کو عید الفطر کا تحفہ دیا۔

علی ظفر نے ’بالو بتیاں‘ کو اپنے یوٹیوب پر عید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا اور گانے میں ان کے ہمراہ لیجنڈری گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی بھی سر بکھرتے دکھائی دیے۔

گانے کی ویڈیو کی شوٹنگ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت برطانیہ کے درالحکومت لندن میں کی گئی اور علی ظفر کے ساتھ دیگر ڈانسر بھی سرائیکی انداز کا جدید رقص کرتے دکھائی دیے۔

’بالو بتیاں‘ کو عید الفطر سے قبل چاند رات کو 9 اپریل کو ریلیز کیا گیا اور گانا دیکھتے ہی دیکھتے ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹرینڈنگ پر آگیا۔

گانے کو یوٹیوب پر بھی محض دو دن میں 10 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اسے خوب شیئر کیا جا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں