وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 500 سے 800 روپے میں ملنے والا لان کا جوڑا خرید کر پہنتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہیں مریم نواز کے فیشن سینس پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو عظمیٰ بخاری کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر جیو نیوز کے مارننگ شو میں شرکت کرنے کی ہے۔

مذکورہ شو میں عظمیٰ بخاری نے بتایا تھا کہ انہیں سیاست میں آئے ہوئے 22 سال ہوچکے، اب ان کے بچے جوان ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ جب وہ سیاست میں آئی تھیں تب ان کی بڑی صاحبزادی تین سال کی تھیں لیکن اب وہ ڈینٹسٹ بن چکی ہیں اور ان کے بیٹے الیکٹریکل انجنیئر بن چکے ہیں اور اب انہیں بچوں کی فکر نہیں ہوتی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی بڑی بہن ڈیزائنر ہیں جو انہیں کپڑے تجویز کرتی ہیں جب کہ وہ میک اپ وغیرہ سے متعلق بھی بہن کی مدد لیتی ہیں۔

اسی دوران مریم نواز کے فیشن اور میک اپ سے پوچھے گئے سوال پر عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسی کو کاپی نہیں کرتیں بلکہ سب انہیں کاپی کرتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خدا نے مریم نواز کو ایسا خوبصورت چہرہ دیا ہے کہ انہیں زیادہ چیزیں لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی، وہ زیادہ سے زیادہ ایک یا دو چیزیں لگاتی ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ عام طور پر مریم نواز آن لائن خریداری کرتی ہیں، وہ اپنے لیے خود ہی چیزیں پسند کرتی ہیں، ان کی فیشن سینس اخیر ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز چھوٹے برانڈ کے لان کے کرتے پہنتی ہیں تب بھی وہ بہت حسین نظر آتی ہیں، خدا نے انہیں اچھی شکل و صورت دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عام طور پر ان کے چہرے پر ایک یا دو چیزیں لگی ہوتی ہیں اور وہ بازار میں ملنے والے لان کے 500، 600 یا 800 روپے والے جوڑے خرید کر پہنتی ہیں۔

انہوں نے دلیل دی کہ بات کپڑوں کی قیمت اور برانڈز کی نہیں ہوتی بلکہ اصل بات یہ ہے کہ کوئی ان کپڑوں کو کیسے پہنتا ہے اور مریم نواز کے بعد کپڑوں کو پہننے انداز ختم ہے اور وہ خود بھی ان سے انسپریشن لیتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے سے قبل وہ فیشن اور میک اپ کی باتیں کرتی تھیں لیکن اب وہ عوام کی خدمت میں مصروف ہوگئی ہیں، اس لیے اب ایسے تذکرے نہیں ہوتے۔

عظمیٰ بخاری کی جانب سے مریم نواز کے لیے کیے گئے دعووں پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کا مذاق بھی اڑایا اور سوال کیا کہ اب تو 800 کا لان کا جوڑا دیہات کی غریب خواتین بھی نہیں پہنتیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں