نامور اداکار اور کامیڈین یاسر حسین نے کہا ہے کہ وہ اور اہلیہ و اداکارہ اقرا عزیز دوسرے بچے کے بارے میں جلد منصوبہ بنائیں گے۔

یاسر حسین اور اقرا عزیز کے ہاں جولائی 2021 میں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی اور وہ رواں برس تین سال کے ہوجائیں گے۔

یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دسمبر 2018 میں شادی کی تھی اور دونوں کا شمار مقبول جوڑیوں میں ہوتا ہے۔

اداکار یاسر حسین نے حال ہی میں نادیہ حسین کے شو ’تھوڑی سی مستی‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے فیملی پلاننگ اور والدین پر معاشرے کے دباؤ کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

اس دوران میزبان نے اداکار سے سوال پوچھا کہ ’کتنے لوگوں کو مسئلہ ہے کہ آپ اور اقرا کے ہاں دوسرا بچہ کب ہونے والا ہے؟‘ جس پر یاسر حسین نے کہا کہ ’انشااللہ، ہمارے ہاں دوسرا بچہ جلد ہوگا۔‘

اداکار نے دوسرے بچے کے حوالے سے لوگوں کے دباؤ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو پوچھنے دیں، ان کے پاس پوچھنے کے لیے بھی کوئی موضوع ہونا چاہیے، یہ اچھی بات ہے وہ کوئی بُری چیز تو نہیں پوچھ رہے۔

یاسر حسین نے مزید کہا کہ ان سے کبھی کسی نے ایسے سوال نہیں کیے لیکن اگر کوئی دوسرے بچے سے متعلق سوال پوچھ لے تو وہ ناراض نہیں ہوں گے۔

اداکار نے کہا کہ لوگوں کو ہر چیز کی فکر ہوتی ہے، اور یہ اچھی بات ہے کہ وہ فکر کرتے ہیں، وقت آنے پر ہم کہیں گے کہ کسی کو ہماری فکر نہیں ہے، اب جب کہ لوگ فکر مند ہیں، تو ہم اس سے پریشان ہیں۔

اس سے قبل یاسر حسین نے رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کرتے ہوئے کہا تھا کہ زیادہ بچے ہونے میں کوئی غلط بات نہیں، لوگوں کے جتنے وسائل ہیں، اس حساب سے ان کے بچے بھی ہونے چاہئیے۔

یاسر حسین نے کہا تھا کہ ہر بچے کی پیدائش کے درمیان کم سے کم 3 سال کا وقفہ ہونا چاہئیے لیکن زیادہ بچے ہونے چاہئیے اور جس شخص کے زیادہ وسائل ہیں، اس کے بچے بھی زیادہ ہونے چاہئیے۔

تبصرے (0) بند ہیں