اندورن سندھ ڈاکوؤں کو اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، برگیڈیئر (ر) حارث نواز کا دعویٰ

15 اپريل 2024
حارث نواز نے ضیا لنجار کو مشورہ دیا کہ الزام لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں—فوٹو: ڈان نیوز
حارث نواز نے ضیا لنجار کو مشورہ دیا کہ الزام لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں—فوٹو: ڈان نیوز

سابق نگران وزیرداخلہ سندھ برگیڈیئر (ر) حارث نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ اندورن سندھ ڈاکوؤں کو اراکین قومی و صوبائی اسمبلی (ایم این ایز) (ایم پی ایز) کی حمایت حاصل ہے۔

’ڈان نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ سندھ حارث نواز نے بتایا کہ سیاسی بھرتیوں کا خمیازہ کراچی والوں کو ڈاکوؤں کی شکل میں بھگتنا پڑرہا ہے۔

وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ مقامی سردار ڈاکوؤں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں، اندورن سندھ ڈاکوؤں کو اراکین قومی و صوبائی اسمبلی (ایم این ایز) (ایم پی ایز) کی حمایت حاصل ہے۔

حارث نواز نے ضیا لنجار کو مشورہ دیا کہ الزام لگانے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

واضح رہے کہ آج ہی کندھ کوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا تھا کہ نگراں حکومت کے دور میں کراچی میں بگاڑ آیا، آئی جی کے ساتھ بیٹھ کر اسٹریٹجی بنائی ہے، یہ بگاڑ ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر سرینڈر کر دیں، پکے اور سندھ کی صورتحال سے متعلق لائحہ عمل بنایا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے سرداروں کا اجلاس بلانے کا اعلان کر دیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے کہا کہ قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے سرداروں سے میٹنگ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بدامنی نگران حکومت کی لاپرواہی ہے، سیاسی جماعتوں کے بیانات مسترد کرتا ہوں۔

وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ سبزوئی ڈاکو کے خاتمے کے لیے بھرپور ایکشن لےکر ٹھکانوں کو تباہ کیاگیا، اس وقت کندھ کوٹ،شکارپور اورگھوٹکی میں متعدد مغوی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں، امن و امان بہتر بنانےکےلیے آئی جی سندھ اور سینئرز کے ساتھ اجلاس کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں