چیف سیکریٹری کا جامشورو کا اچانک دورہ، ناقص کارکردگی پر ایگزیکٹو انجینئر معطل

16 اپريل 2024
تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ ضلع جامشورو میں موجود 113 آر او پلانٹس میں سے صرف 30 فعال ہیں—فائل فوٹو: حنیف ساموں
تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ ضلع جامشورو میں موجود 113 آر او پلانٹس میں سے صرف 30 فعال ہیں—فائل فوٹو: حنیف ساموں

سخت بے انتظامی اور ناقص کارکردگی کی شکایات سامنے آنے کے بعد جامشورو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن سندھ میں تعینات گریڈ 18 کے ایگزیکٹو انجینئر عرفان بوک کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

گورنمنٹ آف سندھ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو انجینئر عرفان بوک کو معطل کرنے کا فیصلہ ان کے دائرہ اختیار میں آنے والے غیر فعال ریورس اوسموسس (آر او) پلانٹس کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد مکمل تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کے ضلع جامشورو کے اچانک دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 2 آر او پلانٹس مینٹیننس نہ ہونے کے باعث غیر فعال ہیں۔

اس کے علاوہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے عرفان بوک کی دفتر میں بے قاعدہ حاضری کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، ان کی اس غیر حاضری نے بھی ان کی مجموعی کارکردگی کو شدید متاثر کیا۔

تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ ضلع جامشورو میں موجود 113 آر او پلانٹس میں سے صرف 30 فعال ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگ پینے کے صاف پانی تک رسائی سے محروم ہیں۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ عرفان بوک کے عدم تعاون اور اپنے سرکاری فرائض کی تکمیل میں عدم دلچسپی کی وجہ سے متعدد ترقیاتی منصوبے نامکمل ہیں، ان کی لاپروائی کے باعث کمیونٹی کے مسائل میں اضافہ ہوا اور وہ صحت عامہ کی ضروری سہولیات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی محروم رہی۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ عوامی خدمات کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے اور اپنے ملازمین میں دیانتداری اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں