کراچی میں آج رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

اپ ڈیٹ 17 اپريل 2024
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

خلیجی ریاستوں کے بعد طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں آج رات سے 19 اپریل تک کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دبئی سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں شدید برسات کے بعد طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے۔ جس کے نتیجے میں آج سندھ کے کچھ اضلاع میں مطلع ابر آلود جبکہ رات سے کراچی، حیدرآباد، سانگھر، پڈعیدن، دادو، لاڑکانہ،جیکب آباد، خیرپور، مٹھی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہوگیا جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کلدان کی سب تحصیل سنٹسر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث درجن سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔

دالبندین میں رات گئے سے جاری بارش سے کھڑی فصلوں میں پانی جمع ہوگیا، اس کے علاوہ پاک افغان سرحدی علاقے میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔

بارشوں اور سیلاب سے ہرنائی کوئٹہ، ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ 5 روز سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔

گوادر سٹی سمیت گردونواح میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا آغاز ہوگیا، گوادر میں 3 گھنٹے سے جاری موسلادر بارش نے تباہی مچادی، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا اور بارش سے مکانات کے دیواریں مہندم ہوگئی۔

دوسری جانب محمکہ موسمیات نے بتایا کہ آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، اسلام آباد، مری، گلیات اورگردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ کل سے پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالا، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی اور ڈیرہ غازی خان، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں تغیانی کے امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں، موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی گرنے کی توقع ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت دی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے شہری محفوظ مقامات پر رہیں۔

اس کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں