متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کا سلسلہ تھم گیا لیکن ہنگامی صورت حال کے سبب دبئی اور شارجہ سے پاکستان کے لیے 46 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق طوفانی بارش کے باعث ایئرپورٹس اور اماراتی ایئرلائنز کا نظام شدید متاثر ہوگیا ہے، سیکڑوں بین الااقوامی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں ائیرپورٹس کی بحالی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے جبکہ کئی پروازوں کو ہنگامی حالت میں ابوظہبی ائیرپورٹ پر اتارا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ابوظہبی ائیرپورٹ پر کھانے پینے کی سہولیات کم پڑنے سے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے مالیاتی مرکز دبئی میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پیر کے آخر سے منگل کی رات تک 75 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق گزشتہ روز فلیگ شپ شاپنگ سینٹرز دبئی مال اور مال آف ایمریٹس دونوں کو بارشوں کے باعث سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور دبئی کے ایک میٹرو اسٹیشن پر بھی پانی ٹخنوں تک جمع ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں