متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کا سلسہ تھم گیا جبکہ اماراتی حکومت نے موسمی الرٹ کے خاتمے کا اعلان کردیا، تاہم سیلابی صورتحال کے بعد وقفے وقفے سے نظام زندگی معمول پر آنے لگی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی مرکز دبئی ایئرپورٹ میں آپریشن معطل ہوگیا اور گزشتہ 2 روز کے دوران ایک ہزار 244 پروازیں منسوخ ہوگئیں جب کہ 41 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔

آج صبح ایئرپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وقفے وقفے سے آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے لیکن اب بھی کچھ پروازیں بدستور تاخیر اور خلل کا شکار ہیں۔

2 روز سے طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث متحدہ عرب امارات میں ایک جبکہ عمان میں 20 افراد ہلاک ہوئے۔

متحدہ عرب امارات میں دو روز سے مسلسل ہونے والی بارش کے باعث گزشتہ 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، حکام نے سرکاری ملازمین اور طلباء کو ہدایت جاری کیں کہ وہ گھروں میں رہیں جب تک کہ سڑکوں سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا۔

اس کے علاوہ دبئی ٹرام اور میٹرو سروس مکمل بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں، جب کہ دبئی کی سب سے بڑی ہائی وے شیخ زاید پر ٹریفک کی بڑی حد تک روانی بحال ہوگئی ہے۔

مختلف علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کام جاری ہے اور متعدد شاہراہوں کو ٹریفک کےلیے کھول دیاگیا ہے۔

شارجہ کے متعدد علاقوں میں اشیائے خورو نوش کی سپر اسٹورز تک ترسیل تاحال معطل ہے، شارجہ اور عمان میں پانی کی نکاسی کی کوششیں جاری ہیں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دبئی سمیت دیگر ریاستوں میں آج اور کل بھی اسکولز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے،حکام نے تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز کے اہتمام کی ہدایت کی ہے۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

’مصنوعی طریقے سے بارش برسانے کی تردید ’

دوسری جانب اماراتی حکومت نے مصنوعی طریقے سے بارش برسانے کی تردید کردی، نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے دعویٰ کیا کہ دبئی میں بارشوں کے لئے کسی قسم کی کوئی کلاؤڈ سیڈنگ نہیں کی گئی۔

این سی ایم کے ڈاکٹر احمد حبیب نے باور کرایا کہ انتہائی موسمی حالات کلاؤڈ سیڈنگ کا نتیجہ نہیں تھے، کلاؤڈ سیڈنگ آپریشن کے لیے کوئی پائلٹ نہیں بھیجا گیا۔

پاکستانیوں کی مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے موسم سے متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن سینٹر قائم کردیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دبئی اور شمالی امارات میں کوئی بھی پاکستانی جسے بارش یا امداد کے حوالے سے معلومات درکار ہیں وہ سفارت خانے سے واٹس ایپ نمبرز 971-4-3973600 اور 971-566472721 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

شہری سفارت خانے سے 971-50-1248934 اور 971-24-447800 نمبرز پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سفارت خانے کے عملے کو ہر ممکن مدد کے لیے پاکستانی کمیونٹی تک پہنچنے کی ہدایت کی۔

دبئی میں پاکستانی قونصلر جنرل حسین محمد نے دبئی ایئرپورٹ کا دورہ کرنے اور پرواز میں تاخیر کی وجہ سے پھنسے پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔

خصوصی ٹیم نے ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور پاکستانیوں سے ملاقات کی تاکہ ان کی مدد کی جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں