ہمارے منصوبے شفاف ہیں، کسی بھی منصوبے کا آڈٹ کرانے کا کھلا چیلنج ہے، شرجیل میمن

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2024
صوبائی وزیر  ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آج میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کی جارہی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ آج میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کی جارہی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے منصوبے صاف شفاف ہیں، ہمارا کھلا چیلنج ہے کہ ہمارے کسی بھی منصوبے کا آڈٹ کرالیں۔

میر پور خاص میں پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غریب عوام کی پارٹی ہے، اس کی صوبائی حکومت نے پہلی پنک بس سروس بھی شروع کی، آج یہاں پیپلز بس سروس شروع کی جارہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ خواتین کے لیے علیحدہ بسیں ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں چلتیں، پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی میں خواتین کے لیے علیحدہ بسیں چلائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری اور مہنگائی کا سامنا کررہے ہیں، عوام کو سہولت فراہم کرنا حکومت سندھ کا فرض ہے، عوام کی خدمت انتظامیہ کی بھی ذمہ داری ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف دیا جارہا ہے، سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پیپلز بس سروس شروع کریں گے، کم سے کم کرائے میں شہری پرسکون طور پر سفر کرسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں ملک کی پہلی الیکٹرک بس بھی شروع کی، ریڈلائن کو اسی دور حکومت میں مکمل کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست کرنے والے آج جیلوں میں پڑے ہیں، یاد رکھنا چاہیے کہ نفرت پھیلانا یا جھوٹ کی سیاست تھوڑی دیر چلے گی، پی ٹی آئی حکومت نے صرف انتشار پھیلایا۔

انہوں نے کہا کہ چند بے وقوفوں نے عوام کو غلط راستے پر لگادیا ہے، گالی کا جواب گالی سے دینے کے بجائے اخلاق کے دائرے میں رہنا ہوگا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کوئی عوامی منصوبہ نہیں بنایا، 9 مئی کو پی ٹی آئی کے غنڈوں نے بسوں اور ایمبولینسوں کو آگ لگائی، شہدا کی یادگاروں میں توڑپھوڑ کی، 9 مئی کو پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا ایسے کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے منصوبے صاف شفاف ہیں، ہمارا کھلا چیلنج ہے کہ ہمارے کسی بھی منصوبے کا آڈٹ کرالیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں