عید الفطر پر ریلیز کی گئی رومانوی کامیڈی فلم ’دغا باز دل‘ نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے ملک بھر سے ریکارڈ کمائی کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

’دغا باز دل‘ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی واحد نئی فلم تھی، اس کے ساتھ عید کے موقع پر 2022 کی بلاک بسٹر فلم ’لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جب کہ فروری 2024 میں ریلیز کی جانے والی ’ٹکسالی گیٹ‘ کو بھی دوبارہ ریلیز کیا گیا تھا۔

عید الفطر کے موقع پر پاکستان بھر میں 6 کے قریب ہولی وڈ فلمیں بھی ریلیز کی گئی تھیں اور ’دغا باز دل‘ کا 9 فلموں کے ساتھ مقابلہ تھا۔

’دغا باز دل‘ نے ریلیز کے پہلے دو دن میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کمائی کرکے نیا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فلم نے ریلیز کے پہلے دن ایک کروڑ 20 لاکھ جب کہ دوسرے دن ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی کمائی کی۔

’دغا باز دل‘ نے مجموعی طور پر پہلے ہفتے 8 کروڑ 30 لاکھ روپے کی کمائی کرکے نیا اعزاز اپنے نام کیا۔

فلم کے ہدایت کار وجاہت رؤف نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کی فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 8 کروڑ 30 لاکھ روپے کمائی کرکے ایک ہی ہفتے میں زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا۔

پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم ابتدائی ہفتے میں 10 کروڑ روپے کے قریب کمائی کرے گی، تاہم فلم نے اندازوں سے کچھ کمائی کی۔

فلم نے ابتدائی ہفتے میں 8 کروڑ 30 لاکھ روپے یعنی تقریبا یومیہ ایک کروڑ روپے کی کمائی کی۔

’دغا باز دل‘ میں مہوش حیات، علی رحمٰن اور مومن ثاقب نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں سلیم شیخ، لیلیٰ واسطی، بابر علی اور شاعر علی زریون بھی شامل ہیں۔

فلم کو پاکستان کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، برطانیہ اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں