صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر شہر کے بعض حصوں میں موبائل سروس معطل کردی گئی۔

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی خصوصی طیارے کے ذریعے سہ پہر کو کراچی ایئرپورٹ پہنچے، جہاں انہیں وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ نے خوش آمدید کہا، بعد ازاں انہوں نے مزار قائد پر بھی حاضری دی۔

ایرانی صدر کی کراچی آمد کے بعد شہر کے بعض حصوں اور خصوصی طور پر اولڈ ایریاز کے علاقوں میں موبائل فون سروس سہ پہر 3 بجے معطل کی گئی جو اگلے روز بدھ کی صبح 8 بجے تک معطل رہےگی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق ایرانی صدر کے دورہ کراچی پر مخصوص روٹس پر موبائل فون سروس سہ پہر تین بجے معطل کی گئی جو کل صبح آٹھ بجے تک معطل رہے گی۔

یہ اقدام سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاہم شہر کے دوسرے علاقوں میں موبائل سروس معمول کے مطابق کھلی رہی۔

ایرانی صدر کی کراچی آمد کے موقع پر شہر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا اور ایئرپورٹ سے لے کر مزار قائد اور پھر ایم اے جناح روڈ سے لے کر وزیر اعلیٰ ہاؤس تک کے مختلف راستوں کو بھی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا۔

ایرانی صدر اور ان کی اہلیہ بدھ کی صبح کراچی سے تہران کے لیے روانہ ہوں گے، جس کے بعد موبائل سروس سمیت تمام راستے کھول دیے جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں