• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 5:00pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 5:09pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 5:00pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 5:09pm

بولڈ اور رومانوی مناظر کی وجہ سے اداکاری کرنے سے انکار کیا، ڈاکٹر عروبہ

شائع May 24, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ٹی وی میزبان ڈاکٹر عروبہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں میزبانی سے قبل اداکاری کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے بولڈ اور رومانوی مناظر کی وجہ سے ڈراموں میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ڈاکٹر عروبہ نے حال ہی میں حافظ احمد کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ سمیت ان کے خاندان کے تقریبا تمام افراد ڈاکٹری کے پیشے سے وابستہ ہیں، اس لیے وہ بھی ڈاکٹر بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی یعنی ڈاکٹری کی تعلیم کے آخری سال میں ریڈیو پاکستان سے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے فوری بعد انہیں ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی۔

ڈاکٹر عروبہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان میں کام کرنے کے بعد وہ ٹی وی شوز میں بھی آتی رہتی تھیں اور والدہ کے ہمراہ بھی ٹی وی چینلز سمیت دیگر تقریبات میں جاتی تھیں تو لوگوں نے انہیں پہچاننا شروع کیا اور انہیں ڈرامے کی پیش کش ہوئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں میزبان سے قبل ہی جیو ٹی وی کے ایک مقبول ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی، جس کی تمام کاسٹ فلمی تھی لیکن انہوں نے اداکاری کرنے سے انکار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں کام کی پیش کش قبول کرنے سے قبل وہ ایک بار شوٹنگ اسٹوڈیو گئیں، جہاں انہوں نے دیکھا کہ ہیرو اور ہیروئن ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ رہے ہیں اور بولڈ اور رومانوی مناظر شوٹ ہو رہے ہیں، اس لیے انہوں نے ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کیا۔

ڈاکٹر عروبہ کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ بلکل نئی تھیں، اس لیے ان کے مطالبے نہ مانے جاتے اور وہ اس وقت بولڈ مناظر شوٹ کروانے کے لیے تیار نہ تھیں، اس وجہ سے انہوں نے اداکاری سے انکار کیا۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2020 میں معروف میزبان آفتاب اقبال کے ساتھ ٹی وی پروگرام کرنا شروع کیا اور آج تک ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دہائی قبل انہیں ٹی وی شو کرنے کی ایک قسط کے 500 سے ایک ہزار روپے ملتے تھے اور اس وقت ان کی ہاؤس جاب کی ماہانہ تنخواہ بھی 24 ہزار روپے ہوتی تھی۔

ڈاکٹر عروبہ کا کہنا تھا کہ اب ڈاکٹری کے مقابلے میڈیا میں زیادہ پیسہ ہے۔

اگرچہ ڈاکٹر عروبہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں جیو ٹی وی کے ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے ڈرامے کا نام نہیں بتایا۔

کارٹون

کارٹون : 17 جون 2024
کارٹون : 16 جون 2024