• KHI: Maghrib 6:17pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:45pm Isha 7:05pm
  • ISB: Maghrib 5:49pm Isha 7:12pm
  • KHI: Maghrib 6:17pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:45pm Isha 7:05pm
  • ISB: Maghrib 5:49pm Isha 7:12pm

سائبر حملے روکنے کیلئے فائروال ضروری ہے، پوری دنیا اس کا استعمال کرتی ہے، شزہ فاطمہ

شائع August 15, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ نے سائبر حملے روکنے کے لیے فائروال ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں فائروال کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایات آئی ہیں، انٹر نیٹ کبھی بھی سست نہیں ہونا چاہیے، ہم 5 جی کی نیلامی کی کوششوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیجیٹل حکومت کا انحصار انٹرنیٹ کی اچھی اسپیڈ پر ہے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے گزشتہ دو ہفتوں کا ڈیٹا مانگا ہے، ڈیٹا ٹریفک دیکھ کر انٹرنیٹ اسپیڈ کا پتہ چلے گا۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ واٹس ایپ ڈاؤن ہونے کی شکایات دور کردی گئی ہیں، دنیا میں تمام ممالک فائروال استعمال کر رہے ہیں، پہلے بھی ویب مینجنٹ سسٹم حکومت چلا رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک پر انٹرنیشنل سائبر سیکیورٹی اٹیکس ہورہے ہیں، سائبر سیکیورٹی حملے بڑھتے جارہے ہیں، ریاست کو ضرورت ہے کہ سائبر سیکیورٹی حملوں کو روک سکے۔

واضح رہے کہ چند ہفتوں سے انٹرنیٹ سروسز میں دشواری کے باعث آن لائن پلیٹ فارمز فیس بُک اور واٹس شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں پیغامات تک رسائی، واٹس نوٹس اور تصاویر کی ڈاؤنلوڈنگ میں مشکلات درپیش ہیں۔

ملک میں انٹرنیٹ سروسز میں دشواری اس وقت سامنے آئی جب انٹرنیٹ سروسز پروائیڈرز (آئی ایس پی) کی ایک باڈی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے انٹرنیٹ ٹریفک پر نگرانی کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن ہوگئی ہیں۔

جب کہ وائرلیس اور انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈبلیو آئی ایس پی اے پی) کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک بھر میں گزشتہ چند ہفتوں سے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہو کر 30 سے 40 فیصد پر آ گئی ہے، ایسوسی ایشن کا تنبیہہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صورتحال اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ بہت سی کمپنیاں اپنا کاروبار دوسرے ممالک منتقل کرنے پر غور کر رہی ہیں۔

جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں سوشل میڈیا ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس پر ’فائر وال‘ کے کامیاب تجربے سے متعلق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے عہدیدار کچھ بھی بتانے سے گریزاں ہیں لیکن باخبر ذرائع کے مطابق فائر وال کی آزمائش مکمل کرلی گئی۔

سوشل میڈیا ایپلی کیشنز پر ’فائر وال‘ کی آزمائش مکمل کرنے کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ دو ہفتوں سے ملک میں واٹس ایپ، انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپس اور ویب سائٹس کی سروسز سست ہونے کی شکایات سامنے آرہی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 3 اکتوبر 2024
کارٹون : 2 اکتوبر 2024