• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm

بجلی کے بلوں میں ریلیف نواز شریف اور مریم نواز کا احسن اقدام ہے، وزیر اعظم

شائع August 17, 2024
— فائل فوٹو: اسکرین گریب
— فائل فوٹو: اسکرین گریب

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی قیادت میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بجلی صارفین کے لیے تاریخی ریلیف پیکیج کا خیر مقدم کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف بلاشبہ نواز شریف اور وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کا عوام دوست احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت پر قلمدان سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح رکھا، حال ہی میں ہم نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب کاٹ کر بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا جس سے 200 یونٹ والے صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف اقدامات اور بجلی کے شعبے کی اصلاحات سے اس کا دیر پا و پائیدار حل نکالنے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے، نواز شریف کی قیادت میں معیشت کے استحکام کے بعد لوگوں کی زندگی آسان کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں جبکہ عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کی شام کو سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کچھ عرصہ پہلے ایک سے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو بہت اچھا ریلیف دیا جو اربوں روپے کا ریلیف ہے، اسی طرح مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ چونکہ گرمیوں کے مہینے میں بل زیادہ آتا ہے اس لیے عوام کو اگست اور ستمبر کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور اس ریلیف پیکج کے تحت ایک سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے بجلی کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کم کر کے بل دیا جائے گا۔

انہوں نے مریم نواز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آئندہ لوگوں کو مزید ریلیف دینے کے لیے سولر پینلز کی اسکیم لے کر آرہی ہیں اور لوگوں کو سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے، تاکہ بجلی کا بل مزید کم ہوجائے اور اس کے لیے 700 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے 45 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، اس پروگرام سے لوگوں کو ریلیف ملے گا اور ان کے اخراجات میں کمی آئے گی۔

کارٹون

کارٹون : 8 دسمبر 2024
کارٹون : 7 دسمبر 2024