عائشہ جہانزیب کی تشدد کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت
ٹی وی میزبان و اداکارہ عائشہ جہانزیب کی جانب سے کچھ عرصہ قبل شوہر کی جانب سے مبینہ تشدد کے معاملے پر صحافیوں اور میڈیا سے بات کرنے سے معذرت کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل مختصر ویڈیو میں عائشہ جہانزیب کو برطانیہ میں صحافیوں سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
صحافیوں نے جب ان سے گھریلو تشدد سے متعلق سوال کیا تو عائشہ جہانزیب نے مذکورہ معاملے پر بات کرنے سے انکار کردیا۔
اداکارہ کی وائرل ویڈیو میں انہیں صحافیوں کو گھریلو تشدد سے متعلق سوال نہ کرنے کی التجا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیو میں عائشہ جہانزیب بتاتی ہیں کہ ان سے گھریلو تشدد کے معاملے پر کوئی سوال نہ کیا جائے اور ان کی جانب سے جواب نہ دیے جانے پر بھی برا نہ منایا جائے، وہ صحافیوں کی شکر گزار رہیں گی۔
ان کی جانب سے تشدد کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کرنے کے بعد صحافیوں نے ان سے مذکورہ معاملےپر مزید سوالات نہیں کیے۔
تاہم ویڈیو میں عائشہ جہانزیب نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے تشدد کے واقعے کے بعد ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیا اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
عائشہ جہانزیب گزشتہ ماہ اپنے ساتھ ہونے والے مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد پہلی بار ملک سے باہر برطانیہ گئیں اور انہوں نے وہاں سے انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 10 جولائی کو عائشہ جہانزیب پر تشدد کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں، انہوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ شوہر نے انہیں ایک سال میں تیسری بار تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ ان کے شوہر نے خفیہ نکاح بھی کر رکھا ہے۔
بعد ازاں عائشہ جہانزیب کی فریاد پر پولیس نے ان کے شوہر حارث کو گرفتار کرلیا تھا، ان پر تشدد کا نوٹس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی لیا تھا اور ان کے شوہر کو گرفتار کرکے کڑی سزا دینے کا حکم دیا تھا۔
پولیس نے عائشہ جہانزیب کی گرفتاری کے بعد ان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا اور بعد ازاں انہیں لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور 19 جولائی کو اسی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عائشہ جہانزیب بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے شوہر کے ساتھ صلح کا بیان دیا تھا۔
شوہر کے ساتھ صلح کی خبروں کے بعد عائشہ جہانزیب نے ان سے خلع لینے کا اعلان کیا تھا لیکن تاحال انہوں نے اپنی خلع سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔












لائیو ٹی وی