الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد میں 9 اکتوبر کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی قانون میں تبدیلی کے بعد انتخابات روکے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 9 اکتوبر کو شیڈول تھے۔
واضح رہے کہ 26 اگست کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 منظور کر لیا گیا جس کے تحت جنرل نشستوں پر 9 امیدوار براہ راست منتخب ہوں گے۔
دانیال چوہدری کی جانب سے متعارف کرائی گئی ترامیم کو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے کہا کہ حکومت اس بل کی آڑ میں انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔
اسلام آباد سے منتخب نمائندے طارق فضل چوہدری اور راجا خرم نواز نے کہا کہ بہتر نظام لانے میں اگر کچھ تاخیر ہوتی ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) نے رواں سال کے دوران ہی پنجاب اور اسلام آباد میں نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں پارٹی نے نیا بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابات رواں سال کروانے پر اتفاق کیا ہے۔