ایران کے میزائل حملے، پی آئی اے کی پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روک دیا گیا

شائع October 2, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

ایران کے اسرائیل پر حملوں کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے) نے اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کو استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد پی آئی اے نے اپنی پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال سے روکتے ہوئے ایئر لائن کے تمام کپتانوں اور فلائٹ آپریشنز کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق تمام پروازوں کا فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے اور جب تک صورتحال واضح نہیں ہو جاتی، ایرانی کی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے 2کوریڈور استعمال کرتا ہے جس میں نادرن کوریڈور کو کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں کو استعمال کرتی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں سدرن کوریڈور کے نام سے مشہور دوسرے کریڈور کو متحدہ عرب، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب جانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں اپنی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر درجنوں بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میزائل کسی بڑی تباہی کا سبب نہیں بنے کیونکہ اسرائیلی آئرن ڈوم نے انہیں بیچ میں ہی تباہ کردیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران سے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں، ہمیں امریکا نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل حملے سے خبردار کیا تھا اور ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024