• KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

بھارت کا جے شنکر کو ایس سی او اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان بھیجنے کا اعلان

شائع October 4, 2024 اپ ڈیٹ October 9, 2024
بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر — تصویر: بشکریہ ٹوئٹر
بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر — تصویر: بشکریہ ٹوئٹر

بھارت نے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سبرامنیم جے شنکر دورہ اسلام آباد میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے، 9 سال میں بھارت کی کسی اعلیٰ شخصیت کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

ترجمان بھارتی دفتر خارجہ رندھیر جیسوال نے اس بات کا اعلان صحافیوں کو دی گئی ہفتہ وار بریفنگ میں کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کی قیادت میں وفد کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجا جائے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔

29 اگست کو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’کچھ ممالک نے اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامے کو قبول کرلیا ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔‘

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کی منظوری دی گئی تھی۔

انہوں نے اجلاس میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کے منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی، وہ 12 سال میں بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر خارجہ تھے۔

بلاول بھٹو نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اس دورے میں شرکت کو نتیجہ خیز اور مثبت قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 9 دسمبر 2024
کارٹون : 8 دسمبر 2024