• KHI: Sunny 17.3°C
  • LHR: Sunny 11.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C
  • KHI: Sunny 17.3°C
  • LHR: Sunny 11.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.9°C

’بریتھ پاکستان‘ کا آج باضابطہ آغاز، وزیر اعظم شہباز شریف خطاب کریں گے

شائع February 6, 2025
کانفرنس میں موسمیاتی فنانس کے موضوع پر بھی ایک سیشن ہوگا — فائل فوٹو: ڈان
کانفرنس میں موسمیاتی فنانس کے موضوع پر بھی ایک سیشن ہوگا — فائل فوٹو: ڈان

وزیر اعظم شہباز شریف اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں عالمی موسمیاتی کانفرنس ’بریتھ پاکستان‘ سے خطاب کریں گے، جس میں قومی اور بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کا قابل عمل حل تلاش کیا جاسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آج (جمعرات) اور کل ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس ڈان میڈیا کے ’بریتھ پاکستان‘ اقدام کا حصہ ہے، جس کا مقصد مالی اعانت کو متحرک کرنا اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے حل تلاش کرنا ہے۔

کانفرنس میں موسمیاتی فنانس کے موضوع پر بھی ایک سیشن ہوگا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے 2 سابق گورنرز موافقت اور تخفیف کے لیے درکار فنانس کی اہم ضرورت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

عالمی بینک میں موسمیاتی تبدیلی کی ڈائریکٹر ویلری ہکی بھی اس سیشن سے خطاب کریں گی، وہ ایک علیحدہ پینل میں کلائمیٹ کو مرکزی دھارے میں لانے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ممالک کی مطابقت پذیر صلاحیتوں میں اضافے کے بارے میں بھی بات کریں گی۔

کانفرنس کے دوران حکومت اور کارپوریٹ سیکٹر کے درمیان مکالمے کی حوصلہ افزائی اور پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تلاش کرنے کے لیے ایک گول میز کانفرنس بھی ہوگی، جس میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت دیگر شریک ہوں گے۔

موسمیاتی تبدیلی میں زراعت، جنگلات اور خوراک کے نظام سے متعلق سیشن میں زراعت اور جنگلات کے ماہرین شرکت کریں گے جس میں ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رول، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکریٹری عائشہ حمیرا چوہدری اور سابق وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خطاب کریں گے۔

7 فروری کو کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سامعین سے خطاب کریں گے۔

دیگر مقررین میں ماحولیاتی ماہر علی توقیر شیخ، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، ماحولیاتی کارکن کرشمہ علی، یوتھ ایکٹویسٹ زنیرہ قیوم بلوچ اور سینیٹر مصدق ملک شامل ہیں۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025